کولکاتہ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ رواداری ہندو مذہب کا ایک خوبی ہے اور یہ عالمگیر مذہب ہے ۔ محترمہ ممتا بنرجی نے سوامی وویکانند کی شکاگو میں تاریخی تقریر کی 125 ویں سالگرہ کے موقع پر رام کرشن مشن کی جانب سے بیلور مٹھ میں منگل کے روز منعقد ہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "بنگال رواداری کی سرزمین رہی ہے ۔ ہندو مذہب لوگوں سے محبت کرنا سکھاتا ہے ، نہ کہ تفریق۔ آگے آئیں اور ملک میں نئی بیداری کی قیادت کریں”۔ انہوں نے کہا کہ ” میں شکاگو جانا چاہتی تھی لیکن بدقسمتی سے اس جگہ نہیں جا سکی جہاں سوامی وویکانند نے تاریخی تقریر کی تھی”۔ انہوں نے کہا کہ "اس کے پیچھے گہری سازش رچی گئی تھی۔ کچھ لوگ چاہتے تھے کہ میں وہاں نہ جاؤں۔ میں امید کرتی ہوں کہ جن قوتوں نے مجھے وہاں جانے سے روکا وہ سوامی وویکانند کی تقریر پڑھیں گے اور سمجھ حاصل کریں گے "۔ واضح رہے کہ رام کرشن مشن نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی کو شکاگو کے ایک پروگرام میں شامل ہونے کے لئے مدعو کیا تھا۔ تاہم، ان کے پروگرام کو ناگزیر وجوہات کا حوالہ دے کر جون میں منسوخ کر دیا گیا تھا۔ محترمہ بنرجی نے کہا سوامی وویکانند، گرو ر ابندررناتھ ٹیگور اور نیتا جی سبھاش چندر بوس نے مذہب اور سیاست پر جو مثالی نمونے قائم کئے تھے ، ان میں کافی مماثلت تھی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سوامی نے 1893 میں شکاگو کی تقریر میں سب کا دل جیت لیا تھا۔