عاشور خانوں کو وقف بورڈ سے گرانٹ ان ایڈ کی اجرائی

وقف ریکارڈ میں موجود اداروں کو امداد ، شاہنواز قاسم کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 17۔ستمبر (سیاست نیوز) ماہِ محرم الحرام میں وقف بورڈ کی جانب سے عاشور خانوں کو گرانٹ ان ایڈ کی عدم اجرائی سے متعلق شکایات کے درمیان چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے وضاحت کی ہے کہ ریاست میں عاشور خانوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 40 لاکھ روپئے جبکہ حیدرآباد میں سبیلوں کے اہتمام کیلئے 10 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ۔ حکومت نے 50 لاکھ روپئے فراہم کئے تھے اور ساری رقم جاری کردی گئی ہے۔ شاہنواز قاسم نے وضاحت کی کہ گزشتہ سال کی فہرست کے مطابق عاشور خانوں کو رقومات جاری کی گئی ہے۔ ایسے عاشور خانے جن کا وقف بورڈ میں اندراج نہیں ہے اور خانگی نوعیت کے ہیں، انہیں گرانٹ ان ایڈ جاری نہیں کی جاتی ۔ انہوں نے بتایا کہ 31 اضلاع میں 86 عاشور خانوں کو معمولی تعمیر و مرمت ، آہک پاشی کے لئے فی کس 5000 روپئے جاری کئے گئے ۔ مقامی بلدیات کے ذریعہ تخمینہ حاصل کرتے ہوئے یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرانٹ ان ایڈ کی رقم محرم سے قبل ہی تمام اضلاع کو جاری کردی گئی ۔ حیدرآباد میں محرم کے دوران سبیلوں کے اہتمام کیلئے گزشتہ سال کی طرح 10 لاکھ روپئے جاری کئے گئے اور متعلقہ وقف انسپکٹرس کے ذریعہ تقسیم کا کام جاری ہے۔ ہر سبیل کو دو تا پانچ ہزار روپئے جاری کئے جاتے ہیں۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ عاشور خانوں کے بڑے تعمیری اور مرمتی کاموں کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے گرانٹ منظور کی جاتی ہے جبکہ وقف بورڈ آہک پاشی اور دیگر چھوٹے کاموں کیلئے رقومات جاری کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے وقف بورڈ کو الاٹ کردہ مکمل بجٹ جاری کردیا گیا۔