عازمین کیلئے حج کونسل کے قیام کو منظوری : رحمن خان

ممبئی ۔30ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حج سبیڈی ختم کرنے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ کے پیش نظر عازمین حج کیلئے ملیشیا کی طرز پر حج کونسل قائم کی جائے گی ۔ اس کے ذریعہ ہر خواہشمند عازم کو بہ آسانی فریضہ حج کی ادائیگی کا موقع فراہم ہوگا ۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور کے رحمن خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ 10سال میں ممکن ہے کہ مرکزی حکومت کی حج سبسیڈی پوری طرح ختم کردی جائے ۔انہوں نے بتایا کہ حج کونسل کے قیام کی تجویز کو حکومت نے منظوری دے دی ہے ۔

اس کونسل کے پروگرام کے تحت خواہشمند عازم ہر ماہ کچھ رقم حکومت اور این جی اوز کے ذریعہ منظورہ معاشی اداروں میں جمع کرائے گا ۔ جب یہ رقم حج کے اخراجات کیلئے پوری ہوجائے تو اسے حکومت کی جانب سے سفر حج پر روانہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں اسلامی بینکنگ نظام کیلئے بھی کوشش جاری ہے اور اس مقصد کیلئے وزارتی گروپ کی کمیٹی بنائی گئی ہے ۔

جناب کے رحمن خان نے کہا کہ سچر کمیٹی کی 66سفارشات پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے وقف بورڈ کے قوانین میں حالیہ تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس سے اوقافی جائیداوں کا مؤثر تحفظ یقینی ہوسکے گا ۔ اس کے علاوہ نیشنل وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن بھی قائم کیا جائے گا ۔