شیرخوار بچوں کیلئے صرف 12,050 روپئے ادا کرنے کی سہولت
حیدرآباد 27 جون (پریس نوٹ) آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے تحت منتخب تمام عازمین حج کے لئے حج مصارف کی دوسری قسط جمع کروانے کی آخری تاریخ 19 جولائی مقرر کی گئی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ تمام زمروں کے منتخب عازمین حج 19 جولائی یا اس سے قبل حج مصارف کی دوسری قسط کے طور پر عزیزیہ زمرہ میں مبلغ 79,450/- روپئے اور گرین زمرہ میں مبلغ 1,10,200/- روپئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ کور بینکنگ کے ذریعہ حج کمیٹی آف انڈیا کے کرنٹ اکاؤنٹ میں جمع کروادیں اور بینک چالان کی ایک کاپی دفتر ریاستی حج کمیٹی میں لازماً داخل کردیں۔ بینک چالان میں حج کمیٹی کا الاٹ کردہ بینک ریفرنس درج کرنا ضروری ہے۔ جن عازمین کو مکمل فضائی کرایہ ادا کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے ان کے لئے طیارہ کے کرایہ کی رقم کے طور پر فی کس 31,600/- روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے۔ جبکہ دو سال سے کم عمر بچوں کیلئے دوسری قسط میں 12,050/- روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ دو سال سے زائد عمر کے بچوں کے لئے بھی بڑوں کی طرح مکمل مصارف ادا کرنے ہوں گے۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ بنگلور امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والے عازمین کو دوسری قسط کے طور پر گرین زمرہ میں مبلغ 1,12,250/- روپئے اور عزیزیہ زمرہ میں مبلغ 81,550/- روپئے ادا کرنا ہوگا۔ شیرخوار بچوں کی رقم 11,750/- روپئے ہوگی جبکہ دوسری مرتبہ حج کرنے والے ریپیٹر کے لئے زائد 34,950/- روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے۔ اضلاع چتور اور اننت پور کے عازمین کی بنگلور سے روانگی عمل میں آتی ہے۔ ایکزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی جناب عبدالحمید نے کہاکہ مزید تفصیلات دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد فون نمبر 040-23298793 پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔