عازمین حج کے 30 پاسپورٹس کی فوری اجرائی

مزید 21درخواستوں کی اندرون دو یوم یکسوئی، ریجنل پاسپورٹ آفیسر کا مکمل تعاون

حیدرآباد ۔ 25جنوری ( سیاست نیوز) حج 2017ء کے درخواست گذاروں کے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی کو یقینی بنانے کیلئے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کی جانب سے کامیابی نمائندگی کی گئی ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر شریمتی اشوینی ستارو نے 51 درخواستوں کے منجملہ 30 درخواستوں کی فوری یکسوئی کرتے ہوئے پاسپورٹس جاری کردیئے ہیں ۔ باقی درخواستوں کی اندرون دو یوم یکسوئی کرتے ہوئے پاسپورٹس جاری کئے جائیں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے آج ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے ملاقات کی اور بتایا کہ حج 2017کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 6فبروری ہے ۔ حج کے خواہشمند کئی افراد نے پاسپورٹس کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں جن میں بعض ایسی درخواستیں بھی شامل ہیں جن کے ذریعہ پاسپورٹ میں بعض تبدیلیوں کی درخواست کی گئی ۔ حج کے خواہشمندوں نے اپنی آن لائن درخواستوں کی تفصیلات کے ساتھ معاملہ کو پروفیسر ایس اے شکور سے رجوع کیا تھا ۔ 51 امیدواروں کے فائیل نمبرس کے ساتھ ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے نمائندگی کی گئی جس پر انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 30 پاسپورٹس جاری کردیئے ہیں ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے عازمین حج کے سلسلہ میں حج کمیٹی سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مزید ایسے امیدواروں کی تفصیلات اُن سے رجوع کی جائیں تو وہ پاسپورٹ فوری جاری کردیں گی ۔ واضح رہے کہ حج درخواستوں کے ادخال کیلئے انٹرنیشنل پاسپورٹ ضروری ہے اور 6فبروری میں مہلت میں توسیع کے باعث مزید کئی امیدوار پاسپورٹ کیلئے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ پاسپورٹ آفیسر نے کہا کہ جن درخواستوں کی پولیس انکوائری مکمل ہوچکی ہیں ایسے پاسپورٹس حج کمیٹی کی سفارش پر جاری کئے جائیں گے ۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک تقریباً 15000 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں ۔ کل ایک دن میں 1460 درخواست فارم جاری کئے گئے اور  400درخواست گذار تاریخ میں توسیع کے باعث واپس ہوگئے تھے ۔ کل تک حج کمیٹی کو صرف حیدرآباد سے 14607درخواستیں موصول ہوئی تھی جن میں محفوظ زمرہ ’’ اے ‘‘ کے تحت 409 اور محفوظ ’’ بی ‘‘ کے تحت 2013درخواستیں شامل ہیں ۔ آج ایک دن میں 400درخواستیں داخل کی گئیں۔ اضلاع سے درخواستوں کے موصول ہونے کے بعد امید کی جارہی ہے کہ تلنگانہ میں حج 2017ء کی درخواستوں کی تعداد 20,000سے تجاوز کرجائے گی۔