عازمین حج کے پہلے قافلے کی 14 ستمبر کو روانگی

حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے آخر کار آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے عازمین حج کیلئے انفرادی فلائیٹ شیڈول جاری کردیا ہے۔ ریاستی حج کمیٹی کی مساعی پر سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کیلئے علحدہ علحدہ شیڈول کو قطعیت دی۔ یہ پہلا موقع ہے جب تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے علاوہ کرناٹک کے بھی عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ عازمین کے انفرادی شیڈول کی عدم اجرائی کے باعث عازمین حج میں بے چینی پھیلی ہوئی تھی۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے جملہ 5208 عازمین میں سے 4756 کا انفرادی شیڈول جاری کردیا گیا جبکہ 452 عازمین کا شیڈول توقع ہے کہ اندرون دو یوم جاری کردیا جائے گا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے جملہ 6126 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا تھا جن میں سے 495نے سفر حج منسوخ کردیا۔ حج 2014کیلئے حج کیمپ کے آغاز سے 7دن قبل انفرادی شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ریاستی حج کمیٹی نے کل رات تک بھی مسلسل سنٹرل حج کمیٹی پر دباؤ برقرار رکھا۔ انفرادی شیڈول کی وصولی کے بعد عازمین کو ان کی روانگی کے پروگرام سے واقف کرایا جارہا ہے۔ اس طرح انہیں تیاریوں میں سہولت ہوگی۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کیلئے علحدہ علحدہ شیڈول کو قطعیت دی گئی۔ 14ستمبر کی پہلی فلائیٹ سے 22ستمبر کی 10ویں فلائیٹ تک تلنگانہ کے عازمین حج سعودی ایر لائنز کی خصوصی پرواز سے جدہ روانہ ہوں گے جبکہ 11ویں فلائیٹ سے 25ستمبر تک آندھرا پردیش کے عازمین پرواز کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ 4فلائیٹس کے عازمین کا الاٹمنٹ باقی ہے جن میں 452 عازمین کے علاوہ کرناٹک کے 3اضلاع کے عازمین شامل ہوں گے۔28ستمبر کی فلائیٹ میں حیدرآباد، رنگاریڈی اور کڑپہ کے عازمین کا جزوی الاٹمنٹ کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش کے دو اضلاع چتور اور اننت پور کے 423عازمین بنگلور سے روانہ ہوں گے۔ سعودی ایر لائنز 14تا28ستمبر جملہ 18 فلائیٹس روانہ کرے گی۔ اسی دوران سعودی ایر لائنز کے عہدیداروں پریم کمار، وقار احمد اور دوسروں نے حج ہاوز پہنچ کر حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حج کیمپ میں لگیج اور گاڑیوں کی روانگی کے مقام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حج کمیٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عازمین کے پہلے قافلہ کو لے جانے کیلئے پہنچنے والی سعودی ایر لائنز کی فلائیٹ میں آب زم زم حیدرآباد منتقل کیا جائے گا جسے جی ایم آر کے حکام محفوظ کرلیں گے۔ حج کمیٹی کی جانب سے حجاج کی واپسی پر زم زم کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ 12ستمبر سے شروع ہونے والے حج کیمپ کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور واٹر پروف شیڈ نصب کرنے کا کام بھی جاری ہے۔