ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈاکٹر ای وشنووردھن ریڈی کا پروفیسر ایس اے شکور کو تیقن
حیدرآباد ۔5۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈاکٹر ای وشنووردھن ریڈی نے اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کو تیقن دیا کہ حج 2018 ء کے درخواست گزاروں کے پاسپورٹس کی فوری اجرائی کے انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ 7 ڈسمبر سے قبل تمام درخواست گزاروں کو سہولت ہو۔ واضح رہے کہ حج درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 7 ڈسمبر ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے آج ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے ملاقات کی اور درخواست گزاروں کے مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ درخواست فارم کے ادخال کیلئے پاسپورٹ کی مدت 14 فروری 2019 ء ہونی چاہئے۔ کئی ایسے درخواست گزار ہیں جن کے پاسپورٹ کی مدت اس سے قبل ختم ہورہی ہے یا پھر ان کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے۔ انہوں نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے خواہش کی کہ ایسی درخواستوں کی فوری یکسوئی کی جائے تاکہ درخواست گزار حج کی سعادت سے محروم نہ ہوں۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے درخواست گزاروں نے اس سلسلہ میں ان سے نمائندگی کی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ڈاکٹر وشنو وردھن ریڈی نے پاسپورٹ آفیس میں حج کے درخواست گزاروں کے لئے علحدہ کاونٹر قائم کیا ہے ۔ حج درخواست کے ادخال کے بعد فارم کی زیراکس کے ساتھ اگر اس کاؤنٹر پر رجوع تو ان کا پاسپورٹ فوری جاری کردیا جائے گا۔ کئی درخواست گزار ایسے ہیں جنہوں نے پاسپورٹ کیلئے درخواست داخل کردی لیکن فوری اجرائی کے بارے میں پرامید نہیں ہے ۔ ایسے افراد کو حج فارم کی زیراکس کے ساتھ خصوصی کاؤنٹر پر رجوع ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر درخواست گزار حج کمیٹی سے رجوع ہوتے ہیں تو کمیٹی کی جانب سے ان کے نام پاسپورٹ آفس کو روانہ کئے جائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے خواہش کی کہ حج سے متعلق پاسپورٹ کم از کم 7 اگست کو شام 5 بجے تک جاری کردیئے جائیں تاکہ انکے درخواست فارم مسترد نہ ہونے پائیں۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے حج کمیٹی سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور حج کیمپ کے دوران دورہ کرنے سے اتفاق کیا ۔ اسی دوران حج ہاؤز میں درخواستوں کے ادخال کیلئے آج ہجوم دیکھا گیا کیونکہ آخری تاریخ 7 ڈسمبر ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے تاریخ میں توسیع سے انکار کیا ہے اور اس سلسلہ میں تمام حج کمیٹیوں کو سرکولر روانہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 7 ڈسمبر کو سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں کئی ارکان کی جانب سے تاریخ میں توسیع کیلئے نمائندگی کی جاسکتی ہے ۔ درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے حج ہاؤز میں خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ درخواستوں کی خانہ پری کیلئے 15 کاؤنٹرس قائم کئے گئے جبکہ درخواستوں کی جانچ اور قبولیت کے کاؤنٹرس علحدہ ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حج کمیٹی اسٹاف کو ہدایت دی کہ وہ تمام درخواستوں کی جانچ اور قبولیت تک کاؤنٹرس کھلے رکھیں۔