حیدرآباد 15 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے عازمین حج کے دوسرے قافلے کی روانگی کے موقع پر حج ہاوز میں روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ 350 عازمین حج پر مشتمل اس قافلے میں حیدرآباد کے 136، محبوب نگر 40 ، میدک 35، نظام آباد 53، رنگا ریڈی 31 ، نلگنڈہ 19 ، عادل آباد 6، کھمم 4 ، کڑپہ 2 اور کرناٹک کے 3 عازمین بحالت احرام جدہ روانہ ہوئے جہاں سے وہ سیدھے مکہ مکرمہ پہنچ کر عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔
٭٭ چیف منسٹر چندر شیکھر راو جب حج ہاوز پہنچیں تو وہاں موجود ہجوم نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔ چیف منسٹر نے دوسرے قافلے میں موجود بعض ضعیف عازمین حج سے ملاقات کی اور اُن کی دعائیں حاصل کیں۔
٭٭ چیف منسٹر نے ٹوپی پہن رکھی تھی اور انہوں نے اُردو میں تقریر کی جس کا سامعین نے تالیوں کی گونج میں استقبال کیا۔
٭٭ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے چیف منسٹر کو حج کیمپ کے انتظامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے چیف منسٹر کی آمد سے قبل حج کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کے کاونٹرس پر جاری کاموں کا مشاہدہ کیا۔
٭٭ عازمین حج کو وداع کرنے کیلئے شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد حج ہاوز پہنچے تھے۔ جن میں عازمین کے رشتہ دار اور دوست احباب شامل ہیں۔ چیف منسٹر کی آمد کے باعث سکیوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
٭٭ عازمین حج کی بسوں کی روانگی کے موقع پر مقامی سیاسی قائدین ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہے تھے جس کے باعث دھکم پیل ہوئی ۔آخر کار خود چیف منسٹر کو مداخلت کرتے ہوئے قائدین کو مشورہ دینا پڑا کہ وہ ڈسپلن برقرار رکھیں۔