عازمین حج کے فضائی کرایوں میں نمایاں کمی

نئی دہلی 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے عازمین حج کے فضائی ٹکٹ کے کرایوں میں آج نمایاں کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس نے ایک ماہ قبل سفر حج پر دی جانے والی سبسیڈی برخاست کردی گئی تھی۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے فضائی سفر کے کرایوں میں کمی کو اہم اقدام قرار دیا ہے۔ اُنھوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’وزیراعظم کے دفتر نے اس میں غیرمعمولی دلچسپی لی تھی۔ یہ فیصلہ خوشنودی کے بغیر بااختیاری کے لئے ہماری پالیسی کے خطوط پر مبنی ہے‘‘۔ ایر انڈیا، سعودی ایرلائنس اور فلائی ناس کی پروازوں کی جدہ تک اور مدینہ سے ہندوستان کے 21 ایرپورٹس تک پروازوں پر کرایوں میں کمی کا اطلاق ہوگا۔ مختار عباس نقوی نے کہاکہ فضائی کرایوں میں کمی کا فیصلہ حاجیوں کے سیاسی و معاشی استحصال کا خاتمہ کرے گا جو کانگریس کے زیرقیادت یو پی اے حکومت میں جاری تھا۔ وزیر اقلیتی اُمور نے اپنے اس نقطہ نظر کی تائید میں دلیل پیش کرتے ہوئے سابق یو پی اے حکومت کے دور میں اور پھر 2018 ء کے دوران مقررہ کرایوں کی شرح کا تقابل کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ احمدآباد سے جدہ تک سفر 65 ہزار روپئے سے کچھ زائد روپئے ہے جو 2013 ء میں 98,750 روپئے تھا۔ ممبئی سے یہ کرایہ ماضی میں 98,750 روپئے تھا جو اب 57,857 روپئے کردیا گیا ہے۔ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کو ملحوظ رکھتے ہوئے رواں سال جنوری میں حج سبسیڈی کو برخاست کردیا تھا۔ حکومت نے سبسیڈی کی برخاستگی کے بعد عازمین حج کے مالی بوجھ اور مصارف کو کم کرنے کے لئے سمندری جہازوں کے ذریعہ سفر کے آغاز کی تجویز پر عمل آوری کے لئے سرگرمی سے غور و خوض پر توجہ مرکوز کی ہے۔