تاحال تین قافلے روانہ، ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے وداع کیا
حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ سے عازمین حج کے تین قافلے حیدرآباد سے ارض مقدس کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔ 300 عازمین پر مشتمل تیسرے قافلے کو آج شام حج ہائوز سے وداع کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور حکومت کے مشیر اے کے خان نے عازمین حج کی بسوں کو جھنڈی دکھائی۔ تلبیہ اور اذکار کی صدائوں کی گونج میں رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد نے عازمین حج کو وداع کیا۔ اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم، سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے خطاب کرتے ہوئے عازمین حج سے درخواست کی کہ ملک و قوم اور ریاست کی ترقی اور چیف منسٹر کی درازی عمر کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں کی ترقی کے لیے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ شادی مبارک، اسکالرشپ اور اردو زبان کے تحفظ سے چیف منسٹر کو خصوصی دلچسپی ہے۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ ایک مقدس سفر پر جارہے ہیں جہاں ان کی دعائیں قبول ہوتی ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان نے کہا کہ حج کمیٹی عازمین کی خدمت میں مصروف ہے اور حیدرآباد ہمیشہ ملک میں نمبر ون رہا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ سفر حج کے دوران واٹس ایپ، فیس بک، موبائل فون سے سیلفی اور دیگر غیر ضروری سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں بلکہ اپنا پورا وقت عبادات اور اذکار میں لگائیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بارے میں انہوں نے بہت کچھ سنا ہے۔ انہوں نے عازمین سے ریاست کے لیے دعا کی اپیل کی۔ اسپیشل آفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج کمیٹی کو عازمین کی خدمت میں مختلف محکمہ جات کا تعاون حاصل ہے۔ مولانا ڈاکٹر شیخ محمد عبدالغفور نے عازمین کو فرائض حج سے واقف کرایا۔ آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین کو حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ منتقل کیاگیا۔ آج رات تک سعودی ایرلائنس کی خصوصی پروازوں سے تین قافلے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے۔ تیسرے قافلے نے رات 10 بجے اڑان بھری۔ اسی دوران دو قافلے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔