عازمین حج کی 17اپریل کو قرعہ اندازی

مرکزی حج کمیٹی کے اجلاس میں اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکورکی تجویز

حیدرآباد۔24 مارچ ( پریس نوٹ ) مرکزی حج کمیٹی کے اجلاس منعقدہ حج ہاؤز ممبئی میںحج 2014 کے انتظامات اورحکمت عملی کو قطعیت دینے سے متعلق مختلف اہم اُمور کا جائزہ لیا گیا ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس سال عازمین حج کی قرعہ اندازی جمعرات 17اپریل کو کروانے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے ریاست کی نمائندگی کرتے ہوئے حیدرآباد میں حج کیمپ کے انعقاد کے تعلق سے اہم تجاویزرکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے حجاج کرام میں تقسیم کیلئے زم زم حج کمیٹی کے حوالے کیا جائے ۔ اس اجلاس میں شرکت کے بعد حیدرآباد واپسی پر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اس سال مکہ معظمہ میں مطاف میں توسیع اور میٹرو ریل کے کاموں کی وجہ سے حجاج کرام کے کوٹہ میں کمی کی گئی ہے ۔ میٹرو ریل کا کام تین چار سال تک جاری رہے گا ۔ ہندوستان کے کوٹہ میں بھی کمی آئی ہے جس کے بعد حج کمیٹی کا کوٹہ 1,00,020مقرر کیا گیا ہے جبکہ پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کاکوٹہ 36,000 کیا گیا ہے ۔ اس طرح حج کمیٹی کے کوٹہ میں 20فیصد کمی اور پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے کوٹہ میں 20فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے وزیر خارجہ سے ملاقات کرکے کوٹہ کو بحال کرنے کیلئے بھی نمائندگی کی تھی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ کوٹہ میں اضافہ کیلئے مختلف ریاستوں سے نمائندگیاں کی گئی ہیں ۔ تین چار ریاستیں ایسی ہیں جہاں محفوظ زمروں کی درخواستوں کے پیش نظر نئے درخواست گذاروں کیلئے قرعہ کی نوبت ہی نہیں آئیگی ۔ اس کے علاوہ اس سال درخواست گذاروں کی تعداد میں کوٹہ کے مقابل تین تا چار گنا درخواستیں وصول ہوئی ہیں اور اتنی زیادہ تعداد کے پیش نظر عازمین کو مطمئن کرنا ممکن نہیں ہے ۔

انہوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ چونکہ عازمین کا کوٹہ 2001ء کی مردم شماری کی بنیاد پرکیا جارہا ہے ۔ اس کی بجائے 2011ء کی مردم شماری کی بنیاد پر کوٹہ کا تعین کیا جائے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اجلاس میں یہ تجویز بھی پیش کی کہ منیٰ میں حجاج کرام کے طعام کیلئے مؤثر انتظامات کئے جائیں کیونکہ گذشتہ سال شکایات وصول ہوئی تھیں ۔ اس کے علاوہ مدینہ منورہ میں بھی کیٹرنگ کا انتظام کیا جائے ۔ اجلاس میں جب یہ بتایا گیا کہ گرین زمرہ میں کرایہ فی کس 4500 ریال اور عزیزیہ زمرہ میں فی کس 2500/- ریال مقرر کیا گیا ہے جس پر اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے کہاکہ کرایہ نئی اور پرانی عمارتوں کیلئے علحدہ علحدہ مقرر کیا جائے ۔ اس سال گرین زمرہ کا فاصلہ 1200میٹر تا 1500میٹر تک ہوگا ۔ میٹرو ریل کا کام مکمل ہوجانے کے بعد عزیزیہ سے حرم شریف تک پہنچنے کے وقت میں بہت کمی ہوجائے گی۔ اس طرح عزیزیہ حرم سے قریب ہوجائے گا ۔ اس اجلاس کی صدارت صدرنشین حج کمیٹی جناب قیصر شمیم نے کی جبکہ اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر مرکزی حج کمیٹی جناب عطاء الرحمن ‘ قونصل جنرل انڈیا جدہ جناب فیض احمد قدوائی کے علاوہ وزارت خارجہ کے حکام اور سعودی عربین ایئر لائنز کے نمائندے شریک تھے ۔ حج کی طرح عمرہ کی ذمہ داری بھی ریاستی حج کمیٹی کو دی جائے جو اس کے پاس موجود انفراسٹرکچر سے استفادہ کرتے ہوئے عمرہ کا انتظام بہتر طور پر کرسکتی ہے ۔ رباط کی سہولت سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ عازمین حج کی طرح خادم الحجاج کا انتخاب بھی مرکزی حج کمیٹی اپنے طور پر آن لائن انجام دے تاکہ اس میں شفافیت پیدا ہو ۔