عازمین حج کی وادی منیٰ منتقلی کے بعد حرم شریف میں صفائی

ورکرس نئے کارپٹ بچھانے ، جائے نمازوں کی تبدیلی اور انتظامات میں مصروف
حرم شریف ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حرم شریف میں حجاج کرام کا استقبال کرنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ جمعہ کی شب تک یہاں لاکھوں مسلمانوں کا اجتماع تھا ۔ اقطاع عالم سے آئے عازمین طواف و عمرہ کے بعد وادی منیٰ کو کوچ کر گئے ۔ جس کے بعد حرم شریف میں کام کرنے والے ورکرس تیزی سے صاف صفائی اور نئے کارپٹ بچھانے ، جائے نمازوں کی تبدیلی میں مصروف ہیں تاکہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد حجاج کرام کو طواف زیارت کے لیے پہونچنے پر بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جاسکیں ۔ حرمین شریفین کے امور کی نگرانی کرنے والے ادارہ نے راست انتظامات کا جائزہ لیا ہے ۔ مدینہ منورہ میں بھی مسجد نبویؐ کے اندر نئی جائے نمازیں اور قالین بچھائی جارہی ہیں ۔ خاص حجاج کرام کے لیے الکٹرک کاریں اور وہیل چیر بھی مفت فراہم کی جارہی ہیں ۔ حرم شریف میں زائد از 600 پنکھے نصب کئے گئے ہیں جب کہ مسجد نبویؐ کے احاطہ میں 250 چھتریاں لگائی گئی ہیں ۔ اس مرتبہ حرم شریف میں مطاف کے علاقہ کو کشادہ کردیا گیا ہے ۔ قبل ازیں مطاف کے علاقہ میں 19000 حجاج کرام طواف کرتے تھے اب یہاں فی گھنٹہ 30,000 حجاج کرام طواف کریں گے ۔ حرم شریف کے اندر مطاف اور اوپری منزلوں میں فی گھنٹہ زائد 10,7000 حجاج کرام کی گنجائش ہوگی ۔۔