عازمین حج کی سیکوریٹی پر خصوصی توجہ مرکوز

سٹی پولیس سے تلنگانہ حج کمیٹی کو ہدایت ، پولیس عہدیداروں کا دورہ حج ہاوز
حیدرآباد۔4 اگست (سیاست نیوز) سٹی پولیس نے حج سیزن کے دوران عازمین حج کی سکیوریٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کی اور اس سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کو ہدایات جاری کی گئیں۔ مقامی پولیس کے عہدیداروں نے حج ہائوز کا دورہ کرتے ہوئے سکیوریٹی کے نقطہ نظر سے عمارت اور کھلی اراضی میں تعمیر کیئے جارہے کیمپ کا معائنہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس عہدیداروں میں سکیوریٹی کے نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے اندرون ایک ہفتہ انہیں دور کرنے کی ہدایت دی۔ مقامی پولیس کی جانب سے تلنگانہ حج کمیٹی کو ایک مکتوب روانہ کیا گیا ہے جس میں اعلی صلاحیتوں کے حامل سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور کیمروں کے مقامات کی نشاندہی کی گئی۔ حج کمیٹی کو اپنے خرچ پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے ہوں گے۔ سکیوریٹی کے اعتبار سے درکار عصری نوعیت کے کیمروں کی تنصیب کی سفارش کی گئی ہے۔ کیمروں کی ریکارڈنگ حج کمیٹی اور پولیس کی نگرانی میں رہے گی تاکہ متعلقہ افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاسکے۔ پولیس نے حج ہائوز اور اس کے اطراف و اکناف سکیوریٹی کے ناقص انتظامات کی نشاندہی کی اور کھلی اراضی پر موجود دو چھوٹی گیٹ فوری بندؓ کرنے کا مشورہ دیا۔ ان بوسیدہ گیٹس سے غیر متعلقہ افراد کیمپ کے احاطہ میں داخل ہوسکتے ہیں۔ جاریہ سال کیمپ کے موقع پر رضاکارانہ تنظیموں اور والنٹرس کو پاسس کی اجرائی کے سلسلہ میں بھی حج کمیٹی سختی سے کام لے سکتی ہے۔ گزشتہ سال کی طرح بڑے پیمانے پر پاسس کی اجرائی ممکن نہیں ہے۔ ایرپورٹ اور حج ٹرمنل کے لیے انتہائی محدود پاسس جاری کئے جائیں گے اور بتایا جاتا ہے کہ ان کی منظوری پولیس کے سکیوریٹی ونگ کی جانب سے دی جائے گی۔ واضح رہے کہ مرکزی وزارت اقلیتی امور کے حج ڈیویژن میں گزشتہ دنوں تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے عازمین حج کی سکیوریٹی پر خصوصی توجہ کی ہدایت دی ہے۔ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر عازمین حج کی مکانات سے روانگی سے لے کر حج کیمپ تک سکیوریٹی کے سلسلہ میں رہنمایانہ اصول جاری کئے گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں اترپردیش کے کیرانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کے قافلہ پر ہریانہ میں حملے کی کوشش کی گئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد عازمین حج کی سکیوریٹی کے سلسلہ میں مزید چوکسی کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے سکیوریٹی انتظامات کے سلسلہ میں کمشنر حیدرآباد اور کمشنر سائبر آباد کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ حج کیمپ سے حج ٹرمنل روانگی کا علاقہ دونوں کمشنریٹ کے تحت آتا ہے۔