جاریہ سال حج کیمپ مثالی رہے گا، نئے صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان کے تاثرات
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے نئے صدرنشین مسیح اللہ خان نے کہا کہ عازمین حج کی خدمت وہ اپنے لیے سعادت تصور کرتے ہیں اور صدرنشین حج کمیٹی کے عہدے پر فائز کرتے ہوئے چیف منسٹر نے انہیں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے۔ عازمین حج کی خدمت میں دنیا اور آخرت کی بھلائی مضمر ہے اور وہ اسی جذبے کے تحت کام کریں گے۔ صدرنشین حج کمیٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے مسیح اللہ خان نے کہا کہ انہیں عوامی خدمت کا جذبہ تھا اور اللہ تعالی نے انہیں حج کمیٹی کے عہدے سے نوازتے ہوئے ایک بابرکت اسلامی رکن کی تکمیل میں حصہ دار بنایا ہے۔ حج اسلام کے پانچوں ارکان میں سے ایک ہے اور عازمین حج کا شمار اللہ کے مہمانوں میں ہوتا ہے۔ ان کی خدمت کرنا حج کے برابر ثواب حاصل کرنا ہے۔ مسیح اللہ خان نے تلنگانہ تحریک کے دوران سرگرم رول ادا کیا تھا اور وہ چیف منسٹر کے سی آر اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے بااعتماد رفقاء میں شمار کیے جاتے ہیں۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ حج 2017ء کے عازمین حج کی وداعی کے موقع پر چیف منسٹر نے حج ہائوز میں تقریب کے دوران مسیح اللہ خان کو اسٹیج پر طلب کرتے ہوئے حج کمیٹی کی ذمہ داری دینے کا اشارہ دیا تھا۔ چیف منسٹر نے اپنے وعدے کی تکمیل کی ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ حج کمیٹی تشکیل دی گئی اور مسیح اللہ خان ریاست کے پہلے صدرنشین حج کمیٹی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کے سلسلہ میں تلنگانہ ریاست گزشتہ تین برسوں سے ملک میں سرفہرست ہے۔ وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ حج 2018ء کے انتظامات میں کوئی کمی نہ رہے۔ گزشتہ کے مقابلہ زائد سہولتوں کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حج ہائوز میں قائم ہونے والے کیمپ اور حج ٹرمینل میں عازمین حج کی سہولتوں کا مکمل لحاظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی سرپرستی، اقلیتی بہبود کے عہدیداروں سے بہتر تال میل اور کمیٹی کے ارکان کے تعاون کے ذریعہ وہ بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر عازمین حج کی بہتر خدمت کے معاملہ میں سنجیدہ ہیں اور انہوں نے حج کمیٹی کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ مسیح اللہ خان نے کہا کہ وہ حیدرآباد میں عصری سہولتوں کے ساتھ حج ہاوز کی تعمیر کے سلسلہ میں مساعی کریں گے اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کرتے ہوئے جلد از جلد کسی مرکزی مقام پر سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش کے عازمین حج حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ کرناٹک کے 4 اضلاع کے عازمین کی روانگی بھی حیدرآباد سے عمل میں آئے گی۔ دونوں ریاستوں کے عازمین کے لیے بھی بہتر سہولتوں کو یقینی بنانا حج کمیٹی کی ذمہ داری رہے گی۔ مسیح اللہ خان نے کہا کہ جاریہ سال چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کے ذریعہ اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ تلنگانہ کو ویٹنگ لسٹ میں زائد نشستیں الاٹ کی جائیں تاکہ مزید درخواست گزار حج کی سعادت حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں عازمین کی تعداد میں اضافہ کی کوشش کریں گے۔ گزشتہ سال تقریباً 1280 عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ اس مرتبہ یہ تعداد 1500 کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ سعودی عرب کا دورہ کرتے ہوئے ہندوستانی کونسلیٹ کے عہدیداروں اور ناظر رباط سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات کے سلسلہ میں تلنگانہ ریاست ملک میں نمبر ون ہے۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود چیف منسٹر کو عزیز ہے اور انہوں نے تعلیمی اور معاشی ترقی کے لیے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے اس کی مثال کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔