900 عازمین کو قیام کی گنجائش فراہم کرنے حسین شریف کی مساعی ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست (سیاست نیوز) حج 2016 ء میں سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین کیلئے مکہ مکرمہ کی رباط میں قیام کی تیاریاں آخری مرحلہ میں ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کو اطلاع دی کہ 428 افراد کی گنجائش پر مشتمل دوسری عمارت کی تصریح اندرون دو یوم حاصل ہوجائے گی جس کے بعد حج کمیٹی قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کی فہرست جاری کردے گی۔ حسین شریف اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ جاریہ سال 900 عازمین کیلئے قیام کی گنجائش فراہم کرے۔ اس سلسلہ میں سعودی عرب کے وزارت حج و اوقاف سے بات چیت جاری ہے اور دوسری عمارت میں زائد گنجائش کے حصول کی کوشش کی جارہی ہے۔ زائد گنجائش کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں 678 عازمین کیلئے قیام کے انتظامات کئے جائیں گے جو کہ پہلے سے طئے شدہ پروگرام کے مطابق ہے۔ 428 عازمین کی گنجائش پر مشتمل پہلی عمارت شیشہ کے مقام پر واقع ہے جس کیلئے حج کمیٹی نے منتخب عازمین کی فہرست پہلے ہی جاری کردی ہے۔ دوسری عمارت میں 428 کی گنجائش رہے گی۔ دونوں عمارتوں میں 10 فیصد نشستیں نظام فیملی کو الاٹ کی گئی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اگر ناظر رباط زائد نشستوں کے حصول میں کامیاب ہوتے ہیں تو عازمین حج کا انتخاب ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ کیا جائے گا ۔ اسی دوران جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کو آندھراپردیش کے عازمین کی خدمت انجام دینی ہے جس کیلئے آندھراپردیش کے ساتھ معاہدہ کیا گیا۔ آندھراپردیش حج کمیٹی نے اس معاہدہ میں آندھراپردیش کے عازمین پر آنے والے تمام اخراجات ادا کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل نے حج ہاؤز کا دورہ کرتے ہوئے صفائی اور مرمت کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ وقف بورڈ کی جانب سے عمارت کی صفائی اور سیلر میں ڈرینج اور دیگر لائنوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔ اندرون ایک ہفتہ یہ کام مکمل کرلئے جائیں گے جس کے بعد سپلائینگ کمپنی ٹینٹ کی تنصیب کا کام شروع کردے گی۔ واٹر پروف ٹینٹ کے علاوہ زیر تعمیر عمارت کے تین منزلوں تک عازمین کے قیام کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ حج کیمپ کی تیاریوں کا جائزہ لینے 4 اگست کو 26 محکمہ جات کے ساتھ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے علاوہ دونوں ریاستوں کے اقلیتی بہبود عہدیدار شرکت کریں گے۔ 5 اگست کو طعام کے سلسلہ میں ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں آئے گی ۔ واضح رہے کہ طعام کا ٹنڈر دوسری مرتبہ طلب کیا گیا ہے۔