عازمین حج کیلئے سہولتیں بہتر بنانے حکومت ِ ہند کا تیقن

نئی دہلی۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج تیقن دیا کہ عازمین حج کی سہولتوں کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جائے گا اور سعودی عرب سے درخواست کی جائے گی کہ سالانہ عازمین حج کے ہندوستانی کوٹہ میں 20% تخفیف سے دستبرداری اختیار کرلی جائے۔ یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ عازمین حج کیلئے انتظامات میں کوتاہیاں ہیں، وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایرانڈیا پر بھی تنقید کی جو عازمین حج کیلئے ٹکٹ کی قیمت سرینگر سے روانہ ہونے والوں کیلئے ایک لاکھ 50 ہزار روپئے وصول کررہا ہے جبکہ جو لوگ دیگر مقامات سے حج کیلئے روانہ ہوتے ہیں، ان کے ٹکٹ کی قیمت تقریباً 62,800 روپئے ہے۔ کُل ہند سالانہ کانفرنس برائے حج سے خطاب کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ عازمین حج کے قیام کا مسئلہ ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کے حل کے لئے طویل مدت سے غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ حکومت ہندوستانی عازمین حج کو مکہ معظمہ اور پڑوسی علاقوں میں سرکاری قیام گاہوں کا انتظام کرے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس علاقہ میں چند عمارتیں تعمیر کی جاسکتی ہیں، اس سلسلے میں سعودی عرب کی حکومت سے تعاون طلب کیا جائے گا۔ یہ عمارتیں عازمین حج تین ماہ تک استعمال کرسکیں گے۔ باقی 9 ماہ معتمرین اور زائرین یہاں قیام کرسکیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مکہ معظمہ میں آزادی سے پہلے ہندوستانی جائیدادیں تھیں اور حکومت دریافت کرے گی کہ ان جائیدادوں کا کیا ہوا، انہوں نے کہا کہ ان کے علم کے مطابق کثیر تعداد میں ہندوستانی جائیدادیں آزادی سے پہلے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں موجود تھیں، لیکن آج نہیں ہے، اس لئے حاجیوں کے لئے وقف ان جائیدادوں کا کیا ہوا، اس کے بارے میں دریافت کرنا ضروری ہے۔ مرکزی حکومت اس بارے میں تحقیقات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو کنٹراکٹرس معاہدہ کی خلاف ورزی کریں یا عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے میں لاپرواہی برتیں، انہیں بلیک لسٹ کردینا چاہئے اور اُن سے عمارتیں واپس حاصل کرلینی چاہئے۔ گزشتہ سال ہندوستانی عازمین حج کا کوٹہ ایک لاکھ 70 ہزار تھا جسے جاریہ سال ایک لاکھ 16 ہزار کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر بھی حکومت ِ سعودی عرب سے ربط پیدا کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اکثر عازمین حج کو حج پروازوں کی تاخیر یا منسوخ ہونے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے ایرانڈیا کو ہدایت دی کہ تمام 12 شہروں کے لئے اپنی خدمات بہتر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایرانڈیا نے ایک ٹکٹ کیلئے سرینگر کے عازمین حج سے ایک لاکھ 54 ہزار روپئے اور دیگر مقامات کے عازمین حج سے 62,802 روپئے وصول کئے تھے۔ اس فرق پر انہیں حیرت ہورہی ہے۔