31 اگست سے سوٹ کیسوں کی تقسیم، 5 اگست کو حیدرآباد کے عازمین کیلئے علحدہ کاونٹر
حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کو جاریہ سال سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے فراہم کردہ بیاگیج لے جانا ہوگا جس کی سربراہی کا انتظام کیا گیا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے ہندوستان کے تمام عازمین حج کیلئے یکساں بیاگیج کو یقینی بنانے کیلئے سوٹ کیس سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فی عازم 2سوٹ کیس فراہم کئے جارہے ہیں جس کے لئے 5100 روپئے وصول کئے گئے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے ہندوستان کی سوٹ کیس تیار کرنے والی ایک معیاری کمپنی سے معاہدہ کیا ہے جو ہر ریاست میں مقررہ پوائنٹس پر عازمین کو سوٹ کیس سربراہ کرے گی۔ اس سلسلہ میں حج کمیٹی کے تمام عازمین کو ٹوکنس جاری کردیئے گئے۔ سوٹ کیس کمپنی کے حکام نے تلنگانہ حج کمیٹی کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد سوٹ کیس کی سربراہی کا پروگرام طئے کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش کے عازمین کیلئے 31جولائی سے 3اگسٹ تک سوٹ کیس سربراہ کئے جائیں گے۔ آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں اس مدت کے دوران خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ تلنگانہ کے عازمین کیلئے 4تا 9اگسٹ سوٹ کیس کی سربراہی کی جائے گی۔ حیدرآباد کے عازمین کیلئے 5 تا 7اگسٹ حج ہاوز نامپلی میں خصوصی کاؤنٹر قائم کیا جائے گا۔ سوٹ کیس کمپنی مرحلہ وار انداز میں سوٹ کیس سربراہ کرے گی اور توقع ہے کہ روزانہ 500 عازمین کو سوٹ کیس جاری کئے جائیں گے کیونکہ حج کمیٹی میں سوٹ کیسوں کو محفوظ کرنے کیلئے گنجائش کی کمی ہے لہذا روزانہ صرف 500عازمین کے سوٹ کیس جاری کئے جائیں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے حج 2015کی سرگرمیوں کا پیر سے عملاً آغاز ہوگا۔ پیر کے دن حج ہاوز میں عازمین کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز ہوگا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔