عازمین حج کیلئے سعودی ائر لائینس پروازوںکو بحال کرنے کوششیں

حیدرآباد۔/21اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2015 کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں سعودی ایر لائنس کی پروازوں کو بحال کرنے کیلئے دونوں حکومتوں نے مرکز سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے دونوں ریاستوں کے اقلیتی بہبود سکریٹریز سے ملاقات کرتے ہوئے عازمین کی روانگی کے بارے میں سنٹرل حج کمیٹی کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے عازمین کی روانگی کے سلسلہ میں فلائیٹس کے تعین کے وقت تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے ایر انڈیا کی پروازوں کا انتخاب کیا ہے جبکہ 2002سے متحدہ آندھرا پردیش کے عازمین سعودی ایر لائنس کی پروازوں سے روانہ ہورہے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ اگرچہ سنٹرل حج کمیٹی نے باقاعدہ طور پر اس فیصلہ کی اطلاع نہیں دی

تاہم دونوں ریاستوں کی جانب سے فوری کوشش کی جائے تو سعودی ایر لائنس کی پروازیں بحال ہوسکتی ہیں۔ دونوں حکومتوں کے سکریٹریز نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور اس مسئلہ کو مرکزی حکومت اور وزارت شہری ہوا بازی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تلنگانہ سید عمر جلیل اور سکریٹری اقلیتی بہبود آندھرا پردیش شیخ محمد اقبال نے فیصلہ کیا کہ متعلقہ چیف منسٹرس کے ذریعہ اس مسئلہ کو مرکز سے رجوع کیا جائے گا تاکہ ایر انڈیا کی پروازوں کی صورت میں دونوں ریاستوں کے عازمین کو کسی بھی دشواری سے بچایا جاسکے۔ عام طور پر سعودی ایرلائنس کی پروازیں عازمین حج کیلئے انتہائی موزوں اور سہولت بخش تصور کی جاتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کے ذریعہ وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو سے نمائندگی کی جائے گی۔ سعودی ایر لائنس کے بجائے ایر انڈیا کی پروازوں کے بارے میں خبر عام ہوتے ہی عازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

تلنگانہ میں برڈ فلو کا خطرہ نہیں : پولٹری اسوسی ایشنس
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : پولٹری اسوسی ایشنس نے عوام کو یقین دلایا کہ تلنگانہ میں برڈ فلو کا کوئی خطرہ نہیں ۔ برڈ فلو وائرس سے متاثرہ سارے مرغ کو حکومت کی جانب سے ہلاک کیا جاچکا ہے ۔ مسٹر ای پردیپ کمار راؤ صدر تلنگانہ اسٹیٹ پولٹری فیڈریشن ، مسٹر جی رنجیت ریڈی صدر تلنگانہ پولٹری بریڈرس اسوسی ایشن ، مسٹر جی چندرا شیکھر ریڈی ، تلنگانہ اسٹیٹ پولٹری فیڈریشن ٹریژرر ، مسٹر کے جی آنند چیف ایگزیکٹیو نیشنل ایگ کوآرڈینیشن کمیٹی اور مسٹر کے موہن ریڈی صدر حیدرآباد لیرس فارمر اسوسی ایشن نے صحافتی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ تھرور ولیج حیات نگر منڈل میں برڈ فلو سے متاثرہ مرغ کا معاملہ سامنے آنے پر حکومت نے تمام برڈس کو تلف کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ اطراف و اکناف فارمس پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ تاہم اس طرح کسی بھی بیکٹریائی وائرل کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور انڈے اور چکن کا استعمال ریاست میں محفوظ ہے ۔