حج کمیٹی سے مزید 2 قافلے جدہ روانہ ، حج کیمپ اور ایرپورٹ پر روحانی و جذباتی مناظر
حیدرآباد۔/18ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے عازمین حج کے دو قافلے سعودی ایر لائنز کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ آج جدہ روانہ ہوئے۔ دوپہر 12:30بجے اور رات 8بجے جملہ 700 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ اس طرح ریاستی حج کمیٹی کے ذریعہ ابھی تک جملہ 2050 عازمین کی روانگی عمل میں آئی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب محمد جلال الدین اکبر ( آئی ایف ایس ) مولانا سید قبول پاشاہ قادری شطاری معتمد صدر مجلس علمائے دکن اور پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے آج کے قافلوں کو حج ہاوز نامپلی سے وداعی کیا۔14ستمبر سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا آغاز ہوا اور روزانہ ایک فلائیٹ روانہ ہورہی تھی لیکن آج دو فلائیٹس روانہ ہوئی ہیں جس کے باعث حج ہاوز میں عازمین کو وداعی کرنے کیلئے کافی ہجوم دیکھا گیا۔ 28 ستمبر تک عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری رہے گا اور 22ستمبر اور 28ستمبر کو سعودی ایر لائنز کی دو فلائیٹس روانہ ہوں گی۔ حج ہاوز سے عازمین حج کے قافلوں کی شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانگی کے موقع پر روحانی اور جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ تلبیہہ کی گونج میں عازمین حج کو ان کے رشتہ داروں اور دوست احباب نے وداع کیا۔ جناب جلال الدین اکبر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے پہلی فلائیٹ کے قافلہ کو وداع کرتے ہوئے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ ایام حج اور سعودی عرب میں قیام کے دوران اپنا وقت عبادتوں میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حاضری کے موقع پر آداب کو ملحوظ رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے عازمین حج کے حج کی قبولیت کیلئے بارگاہ الٰہی میں دعا کی اور کہا کہ عازمین حج خوش قسمت ہیں کہ انہیں اللہ تعالیٰ کے گھر کی حاضری اور مدینہ منورہ کی زیارت نصیب ہورہی ہے۔مولانا سید قبول بادشاہ شطاری نے دوسرے قافلہ کے عازمین کو مخاطب کرتے ہوئے سفر حج کے دوران عبادتوں، ذکر و اذکار کی کثرت کی تلقین کی۔ انہوں نے عازمین حج سے کہا کہ وہ سفر کے دوران صبر و تحمل سے کام لیں کیونکہ ان کی بے صبری اور غصہ دراصل ان کیلئے ایک امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج کے دوران عازمین کو غیر ضروری تنازعات اور جھگڑوں سے گریز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاملہ میں عازمین کو اپنے سے زیادہ دوسروں کا خیال رکھنا چاہیئے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج کیلئے حج کمیٹی کے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ایکزیکیٹو آفیسر جناب عبدالحمید نے سفر حج کے دوران ضروری قواعد اور شرائط سے آگاہ کیا۔ آج روانہ ہوئے دو قافلوں میں حیدرآباد کے(334) محبوب نگر (38) میدک (96) نلگنڈہ (82) نظام آباد (77) رنگاریڈی (53)اور ورنگل کے (25)عازمین حج شامل تھے۔ ابھی تک جملہ 6قافلے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوچکے ہیں۔ کل جمعہ کو دوپہر 12بجے ساتواں قافلہ پرواز کرے گا جو 350عازمین حج پر مشتمل ہوگا۔ 22ستمبر سے آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کا آغاز ہوگا۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابونائیڈو آندھرا پردیش کے عازمین کے پہلے قافلے کو وداع کریںگے۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کے 943 عازمین حج کے سفر کو منظوری حاصل ہوچکی ہے اور توقع ہے کہ مزید 60تا70ویٹنگ لسٹ کو منظوری حاصل ہوگی۔ 28ستمبر تک چلائی جانے والی فلائیٹس میں 6050 عازمین کی گنجائش موجود ہے، اس سے زائد کی صورت میں حیدرآباد سے علحدہ فلائیٹ کا انتظام ممکن نہیں لہذا زائد عازمین کو ممبئی سے روانہ کیا جائے گا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے اطلاع دی ہے کہ 4ریاستوں کے عازمین حج کیلئے ممبئی سے فلائیٹ کا انتظام کیا جاسکتا ہے لہذا ویٹنگ لسٹ کے آئندہ منظوری حاصل ہونے والے عازمین کو ممبئی سے سفر کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔