حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( دکن نیوز ) : ریاستی حکومت عازمین حج 2014 کے لیے تمام تر سہولتوں کی فراہمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حاجی دراصل اللہ کے مہمان ہوا کرتے ہیں ۔ ان کا تعاون ، عزت ، و تکریم ہر ایک کے لیے ضروری ہے ۔ حکومت کا یکمشت رقم ان کی سہولیات و دیگر امور کے لیے جاری کرنا ضروری نہیں ہے بلکہ انتظامات میں بہتری و سہولت ہو۔ عازمین کو چاہئے کہ وہ حکومت کی سہولت کو ہی مد نظر نہ رکھیں بلکہ یہ سفر اپنی عاقبت و آخرت کی بہتری کے لیے کیا جائے ہمیں نہیں معلوم کہ حج کی ادائیگی میں رب کائنات کو کونسی ادا حاجی کی پسند آجائے کہ اُس کا حج مقبول ہو ۔ ان خیالات کااظہار مولانا حسام الدین ثانی عامل المعروف جعفر پاشاہ نے نماز جمعہ سے قبل جامع مسجد دارالشفاء میں کیا ۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اس مقدس سفر کی روانگی سے لے کر واپسی تک اپنی زبان کو قابو میں رکھے شکوہ و شکایت اور غیر ضروری گفتگو سے پرہیز کرنی چاہئے ۔ انہوں نے برادران وطن اور محکمہ پولیس سے اس بات کی خواہش کی کہ وہ گنیش وسرجن تک اس ریاست و شہر میں قومی یکجہتی کے تال میل کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں ۔۔