حیدرآباد۔/4اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج 2015 کیلئے حج کمیٹی سے جانے والے عازمین کو سوٹ کیس کی سربراہی کا کل 5اگسٹ سے حیدرآباد میں آغاز ہوگا۔ حج ہاوز میں 3دن تک سوٹ کیس کی تقسیم کا خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں سے حیدرآباد اور رنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے 1700 عازمین حج انہیں روانہ کردہ ٹوکن پیش کرتے ہوئے سوٹ کیس حاصل کرسکتے ہیں۔ تین دن تک حیدرآباد میں یہ سلسلہ جاری رہے گا جس کے بعد مختلف اضلاع میں کاؤنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے معیاری دو سوٹ کیس کیلئے فی عازم 5100/- روپئے حاصل کئے ہیں۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج حج ہاوز پہنچ کر حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد تمام انتظامات مکمل کرلیں تاکہ لمحہ آخر میں حج کمیٹی کو کوئی دشواری نہ ہو۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انہیں تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ایر انڈیا تلنگانہ اور آندھرا کے عازمین کیلئے خدمات انجام دیگا۔ کوشش کی جارہی ہیکہ ایر انڈیا کی فلائیٹس مقررہ وقت پر روانہ ہوں جس طرح سابق میں سعودی کی پروازیں روانہ ہوتی تھیں۔ شمس آباد ایرپورٹ پر حج ٹرمنل میں خصوصی انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔