عازمین حج کو سعودی عرب میں ہر قسم کی احتیاط برتنے کا مشورہ

مسجد عامرہ میں تربیتی اجتماع، مفتی سید امجد اور پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب

حیدرآباد 2 اگسٹ (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمین حج کو ہدایت دی کہ وہ اپنے پاسپورٹ، بورڈنگ کارڈ ، دیگر سفری دستاویزات کے علاوہ رقم کرنسی نوٹ وغیرہ حفاظت سے رکھیں اور دستاویزات کی دو نقولات اپنے پاس رکھیں۔ آج جامع مسجد عامرہ عابڈس میں عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے عازمین کو یہ مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران کسی لالچ کا شکار نہ ہوں۔ سادہ پیپر پر ہرگز دستخط نہ کریں، کسی کا سامان لے کر نہ آئیں، راستہ میں گری ہوئی کوئی چیز نہ اُٹھائیں اور اگر فون پر کوئی انٹرنیشنل کال آئے تو اس کا جواب نہ دیں۔ انھوں نے بتایا کہ جن عازمین کا رباط میں قیام رہے گا ان کو ناظر رباط کی جانب سے مفت طعام کا انتظام کیا جارہا ہے۔ باقی تمام عازمین کو کھانے پینے کا خود انتظام کرنا ہوگا۔ جبکہ مدینہ منورہ میں حج کمیٹی کی طرف سے تمام حجاج کے لئے طعام کا بندوبست کیا جارہا ہے۔

پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ سفر حج کے دوران سیل فون بند کردیں اور صرف عبادتوں اور دعاؤں میں وقت گزاریں کیوں کہ انھیں اللہ کی طرف سے بلاوا آیا ہے اور وہ اس مدت کو خالص عبادت میں گزاریں۔ روانگی سے پہلے دعوتوں سے گریز کریں کیوں کہ اس سے کئی مسائل پیدا ہوجاتے ہیں اور پریشانی ہوتی ہے۔ اجتماع کا آغاز حافظ خواجہ پاشاہ کی قرأت و نعت شریف سے ہوا۔ جناب عرفان شریف نے نعت شریف سنائی۔ جناب عبدالرؤف خان انجینئر نے کارروائی چلائی اور عازمین کو مفید مشورے دیئے۔ مولانا مفتی سید امجد نے فضائل و مناسک حج و عمرہ اور آداب زیارت روضۂ نبوی ﷺ بیان کئے اور عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ طواف کے دوران کعبہ کی طرف نظر نہ ڈالیں بلکہ دعائیں کریں۔ دعائیں و اذکار عربی میں یاد کرنے کی کوشش کریں اس کے لئے ان کے پاس ابھی ایک مہینے کا وقت ہے۔ انھوں نے کہاکہ حج ہاؤز سے روانگی کے وقت ہی نیت کرلیں، یہیں سے ثواب شروع ہوجائے گا۔ حرم میں جانے کے بعد دلوں کی عجیب و غریب کیفیت ہوجاتی ہے، دل کی دنیا بدل جاتی ہے۔