عازمین حج کو سعودی ایرلائنس کے سفر سے محروم ہونے کا امکان

سنٹرل حج کمیٹی نے ایرانڈیا کی پروازوں کو قطعیت دیدی گئی ، ریاستی کمیٹی کو مرکزی کمیٹی کی اطلاع
حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کو جاریہ سال سعودی ایر لائنس کے سفر سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے کیونکہ سنٹرل حج کمیٹی نے دونوں ریاستوں کے عازمین کیلئے ایر انڈیا کی پروازوں کو قطعیت دے دی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے اس سلسلہ میں ریاستی حج کمیٹی کو اطلاع دی ہے۔ سعودی ایر لائنس کے بجائے ایر انڈیا کی حج پروازیں عازمین کیلئے عام طور پر سہولت بخش تصور نہیں کی جاتیں کیونکہ ملک کی جن ریاستوں سے ایر انڈیا کی حج پروازیں گزشتہ برسوں سے روانہ ہورہی ہیں وہاں کے عازمین نے ایر انڈیا سرویس کے بارے میں کئی شکایات کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل حج کمیٹی ہر سال عازمین حج کی پروازوں کیلئے ایر انڈیا سے معاہدہ کرتی ہیں چونکہ ایر انڈیا ایک لاکھ سے زائد عازمین کی پرواز کیلئے بیک وقت طیارے فراہم کرنے سے قاصر ہے لہذا وہ دیگر ایر لائنس کو سب لیز پر پروازوں کا کام تقسیم کرتا ہے جس میں سب سے زیادہ پروازیں سعودی ایر لائنس کے حصہ میں آتی ہیں۔ حج 2015 کیلئے بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل حج کمیٹی نے حیدرآباد، بنگلور اور نئی دہلی کیلئے ایر انڈیا کی پروازوں کو قطعیت دی ہے۔ حیدرآباد سے عازمین حج کی راست پروازوں کا آغاز 2001سے ہوا جب پہلا حج کیمپ عیدگاہ میرعالم میں منعقد ہوا تھا۔ پہلی پروازیں ایر انڈیا کی تھیں تاہم اس وقت کی حج کمیٹی کے سکریٹری اے کے خاں ( آئی پی ایس ) نے مسلسل کوشش کرتے ہوئے سعودی ایر لائنس کی پروازوں کا انتظام کیا تھا۔ اس طرح دوسرے سال سے ہی متحدہ آندھرا پردیش کے عازمین سعودی ایر لائنس سے سفر حج کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ یہ سلسلہ 2014 تک جاری رہا تاہم جاریہ سال سنٹرل حج کمیٹی نے سعودی ایر لائنس کے بجائے ایر انڈیا کی پروازوں کو قطعیت دی ہے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کی پروازوں کا 17اگسٹ سے آغاز ہوگا۔ سنٹرل حج کمیٹی کی اطلاع کے ساتھ ہی حج کمیٹی کے ذمہ داروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے مرکز سے نمائندگی کے ذریعہ سعودی ایر لائنس کی پروازوں کی بحالی کی مساعی کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں جب اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے ربط پیدا کیا گیا تو انہوں نے سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے موصولہ اطلاع کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کے ذریعہ مرکزی وزارت شہری ہوا بازی سے نمائندگی کریں گے تاکہ دونوں ریاستوں کیلئے سعودی ایر لائنس کی پروازیں بحال ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حج پروازوں کیلئے سعودی ایر لائنس موزوں ہے کیونکہ دیگر ایر لائنس کے مقابلہ اس میں نہ صرف بہتر سہولتیں اور انتظامات ہیں بلکہ اس کی تمام پروازیں مقررہ وقت پر ہوتی ہیں۔ گزشتہ سال دیگر ریاستوں کے حجاج کرام نے شکایت کی تھی کہ ایر انڈیا کی پروازیں نہ صرف کئی گھنٹے تاخیر سے چلائی گئیں بلکہ انتظامات بھی اطمینان بخش نہیں تھے جس کے باعث کئی گھنٹوں تک انہیں ایر پورٹ پر انتظار کی زحمت اٹھانی پڑی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ دونوں حکومتوں کو سنٹرل حج کمیٹی کے اس فیصلہ سے واقف کردیا گیا ہے۔آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی جائے گی کیونکہ آندھرا پردیش کے عازمین بھی حیدرآباد سے ہی روانہ ہوتے ہیں۔ دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کے ذریعہ مرکز سے نمائندگی کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی اس بات کی ہر ممکن کوشش کرے گی کہ سابق کی طرح تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین سعودی ایر لائنس سے سفر مقدس کیلئے روانہ ہوں۔