حج کمیٹی کا تربیتی اجتماع، مفتی صادق محی الدین اور پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد 17 اگسٹ (پریس نوٹ) اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیراہتمام عازمین حج کیلئے آٹھواں تربیتی اجتماع آج محبوب فنکشن ہال شاہ نگر مصری گنج میں مرکزی مجلس قادریہ کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری نے اپنے خطاب میں عازمین حج کو مبارکباد دی اور کہاکہ وہ خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو اپنا مہمان بنانا پسند کیا۔ اُنھوں نے عازمین سے کہاکہ وہ انتہائی ادب و احترام کے ساتھ دربار نبوی ﷺ میں حاضری دیں اور صحابہ کرامؓ کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم سے جو محبت تھی اس کو ہمیشہ ملحوظ رکھیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہاکہ عازمین کے لئے اس سال بہترین اور انتہائی عمدہ انتظامات کئے جارہے ہیں اور حکومت کو اس معاملہ میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔ اُنھوں نے عازمین کو سفر حج سے متعلق ضروری اُمور بتائے اور کہاکہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج کیمپ کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ بہت جلد تمام مرکزی اور ریاستی محکموں اور اداروں کے اعلیٰ حکام کا ایک اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں تمام محکموں کے ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے ان عازمین کو سہولتیں بہم پہنچانے کی خاطر تعاون حاصل کیا جائے گا۔ اُنھوں نے اس موقع پر عازمین کو سفری انتظامات کے تعلق سے ضروری ہدایات بھی دیں اور کہاکہ جن عازمین کو وہیل چیر کی ضرورت ہے وہ حیدرآباد سے بھی لے جاسکتے ہیں یا سعودی عرب میں بھی حاصل کرسکتے ہیں اور اس پر چارجس وصول نہیں کئے جائیں گے۔ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم سابق رکن حج کمیٹی نے کہاکہ اسلام نے عجلت پسندی سے منع کیا ہے۔ نماز جماعت میں شمولیت کے لئے بھی وقار اور متانت کے ساتھ جاکر شامل ہونے کا حکم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین کو ہر ہر لمحہ صبر و استقلال کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور تقویٰ اختیار کریں۔ مولانا سید محمد علی قادری الہاشمی ممشاد پاشاہ نے فضائل و مناسک حج و عمرہ بیان کئے اور کہاکہ حج اور عمرہ خلوص دل کے ساتھ اللہ کی رضا کے لئے کیا جانا چاہئے۔ آج کل بار بار حج یا عمرہ ادا کرنے کا رجحان دیکھا جارہا ہے جو اچھی بات ہے لیکن اس معاملہ میں خلوص نیت اور اللہ کی رضا کا خیال رکھنا چاہئے۔ حافظ محمد مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی نے کہاکہ حج اہم فرض ہے اور یہ محنت کی حلال کمائی سے کیا جانا چاہئے۔ حرام کی آمدنی سے حج کے جو انتظامات کئے جاتے ہیں ویسا حج اللہ کے پاس قبول نہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مومن بزدل اور بخیل تو ہوسکتا ہے لیکن جھوٹا اور خائن نہیں ہوسکتا اور حج مومنین پر ہی فرض ہے۔ جلسہ کی کارروائی محمد احمد محی الدین افتخاری کامل پاشاہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوئی۔ قاری اسداللہ شریف اور قاری فرحت اللہ نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ اجتماع میں عازمین کی کثیر تعداد شریک تھی۔ خواتین کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ جناب عرفان شریف اور حج کمیٹی کا اسٹاف بھی موجود تھا۔