جدہ ایرپورٹ حج ٹرمنل پر عصری ٹکنالوجی کے ذریعہ پاسپورٹس کی تصدیق ، ٹرین سرویس کا آزمائشی سفر بھی جاری
جدہ ۔ /30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جدہ ایرپورٹ حج ٹرمنل میں اقطاع عالم سے آنے والے عازمین حج کو طویل قطار اور انتظار سے بچانے کیلئے عصری انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایرپورٹ پر عازمین کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے میجر جنرل سلیمان بن عبدالعزیز ال یحییٰ نے دورہ کیا اور معائنہ کیا ۔ سلیمان عبدالعزیز ڈائرکٹر جنرل ڈائرکٹوریٹ پاسپورٹ ال یحییٰ کے ہمراہ پاسپورٹ اتھاریٹی برائے حج امور میجر خالد بن فہد ال جید اور دیگر عہدیدار بھی تھے ۔ ال یحییٰ نے کہا کہ جدہ ایرپورٹ کے پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کو تربیت یافتہ ماہر عملہ فراہم کیا گیا ہے جو عصری ٹیکنالوجی سے آراستہ عازمین حج کے انٹری پوائنٹ پر کام کرے گا ۔ اپنے دورہ کے دوران ڈائرکٹر جنرل نے تمام ملازمین پر زور دیا کہ وہ عازمین حج کو طویل انتظار سے بچانے کے لئے پاسپورٹ کی تصدیق کا عمل تیزی سے انجام دیں اور اس طریقہ کار کو روبہ عمل لانے میں کوئی کوتاہی نہ کریں ۔ نائب وزیر مکہ ریجن پرنس عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز نے جدہ ایرپورٹ کے حج ٹرمنل کامپلکس کا معائنہ کیا ۔ جس کے دوران عہدیداروں نے اس سال حج سیزن کے لئے فراہم کی جانے والی خدمات سے واقف کروایا ۔ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی آف مکہ کی جانب سے شروع کردہ 13 پراجکٹس سے عازمین حج کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ ان پراجکٹس میں پیدل چلنے کے لئے پلوں کی تعمیر ، بیت الخلائیں ، ٹرین گیٹس اور دیگر کئی کام ہیں ۔ اب فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے عازمین کی وادی منی آمد کے لئے صرف 38 دن رہ گئے ہیں ۔ متعدد پراجکٹس کو پورا کرلیا گیا ہے ۔ گزشتہ کئی مہینوں سے روزانہ کی اساس پر ٹرین کا آزمائشی سفر جاری ہے ۔ ریلوے نٹ ورک کی نگرانی ملائیشیائی کمپنی کررہی ہے ۔ عازمین حج کیلئے ٹرین سرویس کو موثر بنایا جارہا ہے