عازمین حج کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن

حیدرآباد۔یکم فروری، ( سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد احمد اللہ نے آج حج ہاوز میں حج 2014 کے درخواست فارمس کی اجرائی کا آغاز کیا۔ انہوں نے بعض عازمین حج کو فارم جاری کئے۔ حیدرآباد کے علاوہ تمام اضلاع میں بھی آج سے ہی عازمین حج کو حج فارمس جاری کئے جارہے ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے جاریہ سال حج کے موقع پر عازمین حج کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال حج کمیٹی کے انتظامات میں بہتری آرہی ہے اور حج 2014کیلئے شاندار انتظامات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مجموعی طور پر 17000 درخواستیں وصول ہوئی تھیں جس میں 7456 کو فریضہ حج کی ادائیگی کا شرف حاصل ہوا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ حکومت نے حج کمیٹی کے بجٹ کو ایک کروڑ سے بڑھا کر 2کروڑ کردیا ہے تاکہ عازمین کیلئے بہتر انتظامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے اگر مزید بجٹ کی ضرورت ہوگی تو حکومت جاری کرنے تیار ہے۔ نئے حج ہاوز کی تعمیر کے مسئلہ پر احمد اللہ نے کہا کہ بہت جلد سکریٹری اقلیتی بہبود، کمشنر اقلیتی بہبود اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس مسئلہ کی یکسوئی کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ نئے حج ہاوز کی تعمیر کا مسئلہ حل کرلیا جائے گا اور عازمین حج کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے حج ہاوز کی تعمیر کے مقام کا تعین کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے حال ہی میں اس مسئلہ پر جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پہاڑی شریف میں الاٹ کردہ اراضی پر حج ہاوز کی تعمیر کی مخالفت کی تھی۔

عہدیداروں نے حکومت کو سفارش کی کہ موجودہ حج ہاوز سے متصل کھلی اراضی پر نیا حج ہاوز تعمیر کیا جائے جو کہ عازمین حج کیلئے سہولت کا باعث ہوگا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2000-01 میں عازمین حج کی خدمت انجام دے چکے ہیں لہذا وہ عازمین حج کے مسائل سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے حج کمیٹی کو مشورہ دیا کہ حج فارمس کی وصولی کے سلسلہ میں زاید کاؤنٹرس قائم کئے جائیں۔ انہوں نے حج 2013ء کے حج کیمپ کے کامیاب انعقاد اور مکہ میں عازمین کیلئے بہتر رہائشی انتظامات کیلئے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کی ستائش کی۔ اسپیشل کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال نے تیقن دیا کہ حیدرآباد کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی حج کمیٹی کے عازمین کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے حج ہاوزکی تعمیر کا مسئلہ حکومت کے زیر غور ہے۔ شیخ محمد اقبال نے عازمین کو مشورہ دیا کہ حج کے بعد اپنے آپ میں تبدیلی لاتے ہوئے غریبوں اور ضرورتمند افراد کی مدد کو اپنا شعار بنائیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے خیرمقدم کیا اور کہا کہ حج کمیٹی نے ریاست بھر میں درخواست فارمس کی اجرائی کیلئے مناسب انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست فارم کو پُر کرنے اور ادخال کے سلسلہ میں والینٹرس رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیاکہ وہ حج کو روانگی کے سلسلہ میں درمیانی افراد کے دھوکہ کا شکار نہ ہوں کیونکہ عازمین کا انتخاب صرف قرعہ اندازی کے ذریعہ ہوگا اور کوئی بھی شخص درمیان میں کسی کا نام شامل نہیں کر پائے گا۔