عازمین حج کو بوگس ٹور آپریٹرس سے چوکس رہنے کا مشورہ

حج اینڈ عمرہ ٹورس آرگنائزرس ویلفیر اسوسی ایشن کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : چیرمین تلنگانہ حج کمیٹی جناب مسیح اللہ خاں اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے ریاست میں عازمین حج کے ساتھ جعلسازی کے واقعات کی روک تھام کے لیے کمشنر پولیس کے تعاون سے بڑے پیمانہ پر اہم اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں بہت جلد کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار کے ساتھ ریاستی حج کمیٹی کے عہدیداروں کی ایک نشست کا اہتمام کیا جائے گا ۔ وہ 18 جون کی شام حج اینڈ عمرہ ٹورس آرگنائزرس ویلفیر اسوسی ایشن کی عید ملاپ تقریب سے مخاطب تھے جو میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی ۔ انہوں نے پرائیوٹ ٹور آپریٹرس کے ساتھ مکمل تعاون کا پیشکش کیا ۔ قبل ازیں اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ حالیہ عرصہ کے دوران آندھراپردیش اور تلنگانہ کے سینکڑوں عازمین حج بوگس آپریٹرس کی جعل سازی کا شکار ہوکر اپنی رقم، پاسپورٹ اور اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کے موقع سے محروم ہوگئے ہیں۔ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری جناب محمد عبدالرزاق قمر نے بتایا کہ وزارت اقلیتی بہبود نے تلنگانہ اور آندھراپردیش میں پرائیویٹ ٹورس آپریٹرس کے لئے زمرہ ایک اور زمرہ دو کے تحت باقاعدہ کوٹے کا اعلان کردیا ہے۔ تلنگانہ میں زمرہ اے کے تحت فی آپریٹر 98 حاجیوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے اور زمرہ 2 کے تحت ہر آپریٹر کو 50-50 حاجیوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ اس طرح تلنگانہ میں زمرہ اے کے تحت 1665، زمرہ دو کے تحت ایک ہزار اور جملہ 2665 حاجیوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ آندھراپردیش کے لئے زمرہ اے کے تحت 2ٹور آپریٹرس کو 98-98 اور زمرہ دو کے تحت سات آپریٹرس کو 50-50 حاجیوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ اور سات سے کم لائسنس رکھنے والے کو زمرہ دو میں رکھا گیا ہے۔ اسوسی ا یشن اور وزارت اقلیتی بہبود نے عازمین کی معلومات کے لئے اپنے ویب سائٹ www.hutowah.com اور //haj.gov.in/base/pto.php سے استفادہ کرسکتے ہیں۔