عازمین حج کے لیے مفت آئی کیمپ ، پروفیسر شکور کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمین حج سے خواہش کی ہے کہ وہ حج بیت اللہ کو جانے سے قبل اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں ۔ وہ آج سلور کریسنٹ آئی سنٹر منیٰ ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل ہمایوں نگر مہدی پٹنم کے زیر اہتمام عازمین حج کے لیے آنکھوں کا مفت طبی کیمپ کا منیٰ اسپیشالیٹی ہاسپٹل مہدی پٹنم میں افتتاح کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے آئندہ ہفتہ حج ہاوز احاطہ نامپلی میں عازمین حج کے لیے ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد ہوگا ۔ پروفیسر شکور نے کہا کہ عازمین حج کی 14 ستمبر سے روانگی عمل میں آئے گی اور اس کا سلسلہ 28 ستمبر تک جاری رہے گا ۔ ہر عازم کو حج کمیٹی کی جانب سے ایک ’ سم کارڈ ‘ دیا جائے گا جس میں حج کمیٹی کے عہدیداروں کے نمبرات ، حج مشن جدہ کے فون نمبرات کے علاوہ خادم الحجاج کے فون نمبرات موجود رہیں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے حاجیوں کی واپسی کے وقت ایرپورٹ پر حج کمیٹی کی جانب سے 5 لیٹر کا زم زم کا بوتل دیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے قیام و طعام کے لیے گذشتہ سال سے بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ڈاکٹر ہدایت اللہ خان آئی سرجن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ 10 سال سے مذکورہ کیمپ چلا رہے ہیں جس کے لیے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔ انہوں نے عازمین سے کہا کہ وہ ہمارے لیے اور دواخانہ کے ذمہ داروں کے حق میں دعائیں کریں تاکہ وہ آپ کی ہمیشہ ایسی خدمت جاری رکھیں ۔ جناب ایم اے شکور صدر انڈین کونسل آف سوشیل ویلفیر تلنگانہ نے پروفیسر ایس اے شکور کی شال پوشی و چارمینار کا مومنٹو پیش کیا ۔ ڈاکٹر ہدایت اللہ آئی سرجن و گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ مذکورہ کیمپ گذشتہ 10 سال سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے جس سے ہزاروں عازمین حج استفادہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مفت کیمپ کا مقصد عازمین حج کی خدمت کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں عازمین حج کے نہ صرف آنکھوں کا معائنہ کیا جاتا ہے بلکہ انہیں ادویات ، عینکیں اور دیگر سہولتیں بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے ۔ اس موقع پر مرد و خواتین عازمین حج کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔