عازمین حج کسی دشواری اور تکلیف کا کسی سے شکوہ نہ کریں

14ویں قافلہ کی روانگی، جناب محمدفرید الدین ‘ حافظ پیر شبیر احمد‘ جناب محمد مسیح اللہ خان اور پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد8 اگست ( پریس نوٹ ) سابق وزیر جناب محمد فرید الدین ایم ایل سی نے کہا ہے کہ عازمین حج اللہ کے مہمان ہیں جن کو اللہ نے اپنے دربار میں حاضری کے لئے طلب کیا ہے۔ اس لئے اللہ ان کی دعائیں اور جائز تمنائیں ضروری پوری کرتا ہے ‘ اس لئے عازمین سے اپیل ہے کہ وہ ملک میں امن و امان اور یکجہتی و ہم آہنگی کی برقراری کے لئے دعائیں کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حج کے سفر میں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب سہولتیں ہوگئی ہیں ۔ حج کمیٹی نے بھی اطمنان بخش انتظامات کئے ہیں۔عازمین ریاست کی ترقی و کامیابی اورچیف منسٹر جناب کے چندر شیکھر راؤ کی صحت و سلامتی کے لئے بھی دعا کریں۔مولانا حافظ پیر شبیر احمد سابق صدر نشین اسٹیٹ حج کمیٹی و صدر جمیعتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش نے عازمین سے کہا کہ وہ جب مدینہ منورہ جائیں اور روضہ نبی ﷺ پر حاضری دیں تو ایک مرتبہ کلمہ شہادت پڑھ لیں تاکہ حضور اکرم ﷺ بھی اس پر گواہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کو اللہ تعالیٰ نے طلب کیا ہے اور اگر ان کو اس سفر میں تکالیف ہوتی ہیں تو اس کا کسی سے شکوہ نہ کریں بلکہ جس نے بلایا ہے اسی سے شکوہ کریں ۔ رسول اللہ ﷺ اور صحابہ کرام کی محنتوں اور مشقتوں کو یاد کریں اور کھانے پینے میں دشواری ہو تو یاد کریں کہ ہمارے آقا ﷺ کے گھر تین تین دن چولھا نہیں جلتا تھا۔ صدر نشین حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے بے شمار اقدامات کررہی ہے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی سے آج کی 14 ویں فلائیٹ کی روانگی کے ساتھ ہی تلنگانہ کے عازمین کی فلائیٹس ختم ہوچکی ہیں۔ او دو دن تک کرناٹک کے عازمین کی اور اس کے بعد آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ جناب محمد خلیق الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے عازمین کو ان کے سفر حج کی مبارک باد پیش کی اور دعاؤں کی درخواست کی۔ اس موقع پر صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب محمد اکبر حسین ‘ حج کمیٹی کے ارکان جناب محمد شفیع‘ جناب عارف الدین اور جناب امتیاز خان ‘ رکن وقف بورڈ جناب ایم اے وحید‘ اسسٹنٹ سکریٹری حج کمیٹی جناب عرفان شریف اور دوسرے موجود تھے۔