عازمین حج پر 18 فیصد جی ایس ٹی کا نفاذ اضافی بوجھ

دس ہزار کی زائد وصولی، فوری دستبرداری کا مطالبہ، آندھراپردیش حج کمیٹی کی قرارداد
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش حج کمیٹی نے عازمین حج پر عائد کردہ 18 فیصد جی ایس ٹی سے فی الفور دستبرداری کا مطالبہ کیا ہے۔ حج کمیٹی نے وجئے واڑہ میں منعقدہ اجلاس میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عازمین حج کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ رکھا جائے ۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کا اجلاس صدرنشین مومن احمد حسین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ گورنمنٹ وہپ محمد احمد شریف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اجلاس میں حج 2018 ء کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے عازمین حج پر 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے کی شدت سے مخالفت کی گئی ۔ اجلاس میں کہا کہ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ 2022 ء تک مرحلہ وار طور پر حج سبسیڈی سے دستبرداری اختیار کریں لیکن مرکز نے 2018 ء میں حج سبسیڈی کو ختم کردیا ہے، جس کے باعث عازمین حج پر مالی بوجھ میں اضافہ ہوا۔ ایسے وقت 18 فیصد جی ایس ٹی سے ہر عازم پر فی کس 10,000 روپئے کا بوجھ عائد ہوگا۔ احمد شریف اور مومن احمد حسین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ جی ایس ٹی سے فوری دستبرداری اختیار کریں۔ اجلاس میں منظورہ قرارداد مرکز کو روانہ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی قائم شدہ ریاست آندھراپردیش کے مسلمانوں کے ساتھ مرکزی کی بی جے پی حکومت نے ناانصافی کی ہے ۔ عازمین حج کی روانگی کیلئے وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ قائم کرنے سے انکار کیا گیا، جس کے باعث جاریہ سال آندھراپردیش کے عازمین حج کو حیدرآباد سے روانہ ہونا پڑے گا۔ احمد شریف نے بتایا کہ عازمین حج کی خدمت کیلئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے خصوصی ہدایت جاری کی ہیں۔ آندھراپردیش حج کمیٹی گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بہتر سے بہتر انتظامات کرے گی۔ ریاستی حکومت نے عازمین حج کی بہتر خدمات کیلئے 15 کروڑ روپئے بجٹ مختص کیا ہے۔ کڑپہ میں 12 کروڑ کے مصارف سے حج ہاؤز کی تعمیر جاری ہے۔ وجئے واڑہ میں حج ہاؤز کی تعمیر کیلئے اراضی کا حصول مکمل ہوچکا ہے، بہت جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ 24 کروڑ کے مصارف سے تمام سہولتوں سے آراستہ حج ہاؤز وجئے وارہ میں تعمیر ہوگا۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں۔ اجلاس میں حج کمیٹی کے ارکان مفتی محمد فاروق ، مولانا الیاس، محمد رفیع ، شیخ مستان شریف ، حاجی شیخ حسن باشاہ ، شیخ اکبر حسین ، عبدالرحمن ، سید مخدوم بخاری اور حج کمیٹی کے اگزیکیٹیو آفیسر لیاقت علی خاں نے شرکت کی ۔