حج کمیٹی کا تربیتی اجتماع، پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد 27 جولائی (پریس نوٹ) عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ سفر حج کے دوران اپنے پاسپورٹ اور بورڈنگ کارڈ انتہائی احتیاط سے سنبھال کر رکھیں کیونکہ یہ اہم دستاویزات ہیں جس کے بغیر سفر نہیں ہوسکتا۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی نے آج جامع مسجد دارالشفاء میں عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی اور بتایا کہ گزشتہ سال عازمین کے بورڈنگ کارڈ کھو دینے کے نتیجہ میں دو مرتبہ فلائیٹ لیٹ ہوئی تھی۔ اُنھوں نے عازمین کو یہ ہدایت بھی دی کہ وہ قربانی کے لئے کسی پر بھروسہ نہ کریں بلکہ حکومت سعودی عرب کے مسلمہ اداروں کو ہی قربانی کی ذمہ داری سونپیں کیونکہ خانگی افراد کو یہ ذمہ داری دینے کے بعد یہ یقین نہیں رہتا کہ قربانی ہوئی بھی یا نہیں ہوئی۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین کی روانگی تک حج کمیٹی ان کو ہر قسم کی بہتر سہولتیں فراہم کرتی ہے اور ان کے ساتھ خادم الحجاج کو بھی روانہ کرتی ہے۔ مولانا مفتی تجمل حسین نے فضائل و مناسب حج تفصیل کے ساتھ بیان کرتے ہوئے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ تلبیہ کی کثرت رکھیں اور میدان عرفات میں بکثرت دعائیں کریں۔ مولانا مفتی ابوبکر نے زیارت روضۂ نبوی ﷺ کے آداب بیان کئے۔ اور عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ مکہ معظمہ سے مدینہ منورہ تک سفر کے دوران درود شریف اور سورہ یٰسین کا اہتمام کریں۔ جناب عرفات شریف اے ای او نے تلبیہ پڑھا۔ قرأت کلام پاک سے اجتماع کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ جناب محمد فاروق علی حسامی نے احرام باندھنے کا طریقہ دکھایا اور اس کی شرائط بیان کیں۔ عازمین کی کثیر تعداد شریک تھی۔ خواتین کے لئے نشست کا علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔