دفتر سیاست میں حج و عمرہ تربیتی کلاسیس کا آغاز، مفتی آصف الدین و دیگر کا اظہار خیال
حیدرآباد 5 اپریل (راست) حج زندگی میں صرف ایک مرتبہ فرض ہے اور اس میں مسائل و فرائض و واجبات اور آداب بھی دیگر عبادتوں سے مختلف ہیں۔ حکومتی سطح پر تمام عازمین پہلی مرتبہ حج کرنے والے ہوتے ہیں اور اس سے بڑھ کر حج بنیادی اعمال میں سے ہے۔ لہذا اس کو سیکھنا جاننا اور اس کی تربیت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی جنرل سکریٹری لبیک سوسائٹی نے گولڈن جوبلی ہال احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس میں روزنامہ سیاست و لبیک سوسائٹی کے اشتراک سے پہلی ہفتہ واری کلاس میں کیا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ عمرہ کے فرائض و واجبات، احرام، نیت، تلبیہ، طواف، سعی، حلق و قصر کو تفصیل سے سمجھایا اور کہاکہ تمام عازمین ابھی سے حج و عمرہ و زیارت کے سیکھنے کیلئے وقت نکالیں اور ان کلاسیس سے استفادہ کریں۔ نیز دس روزہ تربیتی کورس سے بھی استفادہ کریں۔ قبل ازیں جناب محمد نواب نے کہاکہ وہ اپنے حج کے موقع پر روزنامہ سیاست میں منعقدہ حج کورس سے استفادہ کرکے اپنے حج کو آسان بنایا تھا۔ جناب علاء الدین نے کہاکہ روزنامہ سیاست کے اشتراک سے جاری یہ عملی کام نہایت مفید و مؤثر ہے۔ عازمین حج و عمرہ استفادہ کرتے ہیں جو ہفتہ واری اور یومیہ ہوتی ہیں۔ اس موقع پر شرکاء تربیتی کورس میں جناب محمد عبدالنعیم نے کہاکہ وہ 2009 ء سے حج کے کام سے وابستہ ہیں لیکن اس قدر جامع و مؤثر کلاس کہیں نہیں دیکھی۔ جو بڑی دلنشین اور مفید ہے۔ جناب محمد ذکی الدین نے کہاکہ کتابوں کے مطالعہ کے باوجود مسائل کا فرق کلاس ہی سے ہوسکتا ہے۔ جناب اکرم علی نے ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں و جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر و جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کی دیگر خدمات کے ساتھ اس کام کو سیاست کے کام میں شامل کرنے اور استقامت سے کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ جناب عبدالرحیم نے بھی ذمہ داران ادارہ کا شکریہ ادا کیا۔ مسرس غلام جبار ، عثمان سلیمان، عبدالمجید، خواجہ غیاث الدین، محمد ہاشم اور خواتین نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ مولانا نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔ بعدازاں دعا پر پہلی تربیتی کلاسیس اختتام کو پہونچی۔