عازمین حج وادی منیٰ میں عبادات واذکار میں مصروف

لَبَّیْکَ اَللّٰہُمَ لَبَّیْک ط لَبَّیْکَ لَا شَرِیْکَ لَـکَ لَبَّیْکَ اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّـعْمَۃَ لَـکَ وَالْمُلْکَ لَا شَرِیْکَ لَـکَ ط

خیموں کے شہر میں روحانی مناظر،آج وقوف عرفات، کرین حادثہ کے زخمیوں کیلئے خصوصی انتظامات
وادی منیٰ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقطاع عالم سے آئے لاکھوں خوش نصیب عازمین حج خیموں کے شہر وادی منیٰ میں جمع ہوچکے ہیں اور عبادات و اذکار میں مصروف ہیں۔ وہ 9 ذی الحجہ کی صبح طلوع آفتاب کے ساتھ ہی میدان عرفات کی طرف کوچ کریں گے۔ وادی منیٰ روحانی منظر پیش کر رہی ہے جہاں لاکھوں عازمین حج سفید احرام میں ملبوس تلبیہہ کی گونج میں یہاں پہونچے اور اپنے اپنے خیموں میں انہوںنے عبادات و اذکار میں رات گزاری۔ ہندوستان سے تقریباً دیڑھ لاکھ عازمین فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔ عازمین کی منیٰ میں آمد ایک دن قبل ہی شروع ہوچکی تھی اور خیموں کا یہ شہر آج پوری طرح آباد ہوچکا ہے ۔ عازمین پیدل ، بسوں،کاروں اور دیگر ٹرانسپورٹ سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے یہاں پہونچے۔ جدہ ، مدینہ منورہ ، ریاض ، دمام ، ابہا ، جزان اور طائف کی تمام سڑکیں اور شاہراہوں پر گاڑیوں کا رخ مکہ مکرمہ اور وادی منیٰ کی طرف تھا۔ حج اسلام کا پانچواں بنیادی فریضہ ہے اور وادی منیٰ میں آمد کے ساتھ ہی مناسک حج کا آغاز ہوجاتا ہے ۔ اس کے بعد دوسرے دن یعنی 9 ذی الحجہ کو وقوف عرفات کے ساتھ ہی تمام عازمین فریضہ حج کی سعادت سے مشرف ہوتے ہیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی قیادت میں  ولیعہد محمد بن نائف، نائب ولیعہد محمد بن سلمان اور گورنر مکۃ المکرمہ پرنس خالد الفیصل نے تقریباً 2 ملین عازمین حج کی سہولیات اور سلامتی کیلئے غیر معمولی انتظامات کئے ہیں ۔ ایک لاکھ سے زائد سیکوریٹی فورسس تعینات کی گئی ہے اور وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے غیر معمولی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ سرکاری سطح کے علاوہ مقامی عوام بھی اعزاز کے طور پر عازمین کی خدمت انجام دے رہے ہیں اور انہیں مختلف سہولیات مہیا کی جارہی ہے۔ کرین حادثہ میں تقریباً 58 زخمی عازمین کو خصوصی طور پر میدان عرفات لے جایا جارہا ہے جہاں وقوف عرفات کے ساتھ ہی وہ فریضہ حج کی سعادت حاصل کرلیں گے۔ اس دوران یمن کے 8 ارکان خاندان جو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے آرہے تھے، کار میں ایرکنڈیشنڈ خراب ہوجانے کی بناء دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکوریٹی فورسس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہیں۔
** پیرس: صدر فلسطین محمود عباس نے خبردار کیا کہ مسجد اقصیٰ اور اطراف جھڑپوںکا سلسلہ جاری رہا تو نئی انتقاضہ شروع ہوسکتی ہے۔ انہوں نے صدر فرانس ہالینڈ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  بیت المقدس کے موجودہ حالات انتہائی خطرناک ہوتے جارہے ہیں۔
** عدن : یمن کے صدر عبدالرب ہادی منصور سعودی عرب میں 6 ماہ کی جلاوطنی کے بعد آج عدن واپس پہنچ گئے ہیں۔