جامع مسجد بی صاحبہ میں آج عازمین حج کاتربیتی اجتماع: جناب محمد مسیح اللہ خان اور علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 مئی (پریس نوٹ) صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ سفر حج کے دوران بے انتہا صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور سلیقہ و آداب کے ساتھ مناسک حج و عمرہ ادا کریں اورزیارت روضۃ النبوی کے موقعہ پر پورے آداب و احترام کا مظاہرہ کریں۔ آج تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کے چھٹے تربیتی اجتماع سے جو جامع مسجد بی صاحبہ‘ پنجہ گٹہ نزد نمس دواخانہ میں منعقد ہوا خطاب کرتے ہوئے انہو ںنے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عربیہ نے دوسری مرتبہ سفر مکہ کے لئے فی کس دو ہزار ریال ویزا فیس وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عازمین جب تک واضح ہدایات نہ آجائیں یہ رقم ادا نہ کریںرقم اپنے پاس محفوظ رکھیں اور جب بھی ضـرورت ہو ادا کردیں۔ یہ رقم ادا کرنے کی ہدایات سعودی عربیہ کی ہیں اور اس معاملہ میں یہاں کی حکومت اور کوئی بھی کچھ نہیں کرسکتا۔ جناب مسیح اللہ خان نے مزید کہا کہ عازمین کی تربیت کیلئے یہ اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں اس لئے عازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام باتیں دھیان سے سنیں اور ذہن نشین رکھیں۔ مولانا مفتی ابوبکر نے فضائیل اور آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ بیان کئے اور کہا کہ سفر حج پر جانے سے قبل اپنے جن عزیز و اقارب سے تعلق ٹوٹ گیا ہے اسے جوڑیں اور ان سے معافی مانگ لیں۔ اپنی نیتوں کو صحیح کرکے جائیں۔ مدینہ منورہ میں آداب کو ملحوظ رکھیں اور وہاں اپنی آواز کو بلند نہ کریں ورنہ اعمال حبط ہوجائیں گے اور ہم کو خبر بھی نہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حج سے آنے کے بعد اپنی زندگی کو بدل لیں ۔ بقول علمأ کرام کے حج کرنا آسان ہے لیکن حاجی بن کر مرنا مشکل ہے۔ معاملات کو اچھے کریں اور معاملات خراب رہیں تو کوئی فائیدہ نہیں۔ مولانا محمد امجد علی نے مناسک حج و عمرہ بیان کئے اور حج کے پانچ دنوں کے اعمال اور مناسک پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوںنے احرام کے شرائط بھی تفصیلی بیان کئے اور عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ تلبیہ کی کثرت رکھیں۔ احرام باندھ کر نیت کرکے تلبیہ پڑھتے ہی تمام شرائط عائد ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ پردہ کا ویسا ہی اہتما م کریں ‘جیسا کہ یہاں کرتے ہیں۔ کپڑے کا چہرہ سے مس نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ چہرہ کو کھلا رکھا جائے۔ بال کو ٹوٹنے سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ 9ذی الحجہ کا دن انتہائی اہم ہے۔ عرفات میں مغفرت کی امید نہ رکھنا غلط بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدلفہ میں قیام رات شب قدر سے بھی افضل بیان کی گئی ہے۔ جناب عرفان شریف اسسٹنٹ سکریٹری حج کمیٹی نے کہا سعودی قونصل خانہ کی جانب سے توثیق ہونے کے بعد ہی دوسری مرتبہ حج پر جانے والے دو ہزار ریال کی رقم ادا کریں۔ حج کمیٹی کے رکن جناب ایم اے شفیع بھی اجتماع میں موجود تھے۔ اس موقعہ پر خادم الحجاج کا تعارف بھی کروایا گیا۔ خواتین کی کثیر تعداد بھی اجتماع میں شریک تھی جن کے لئے پردہ کا معقول انتظام کیا گیا تھا۔