سنٹرل حج کمیٹی کا ریاستی حج کمیٹیوں کو ہدایت، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔/13جون، ( سیاست نیوز) حج 2015 کیلئے سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج سے قربانی کی رقم حاصل کرنے کے مسئلہ پر پیدا شدہ تعطل کو ختم کرتے ہوئے حج کمیٹی نے تین زمروں سے تعلق رکھنے والے عازمین سے قربانی کی رقم حاصل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی نے ریاستی حج کمیٹیوں کو باقاعدہ سرکیولر جاری کیا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ سال سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی رقم میں سے قربانی اور مدینہ میں کھانے کے اخراجات منہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس فیصلہ پر بعض گوشوں سے اعتراض کیا گیا کیونکہ حج اِفراد ادا کرنے والوں کیلئے قربانی لازمی نہیں ہے لہذا سنٹرل حج کمیٹی ان سے قربانی کی رقم حاصل نہیں کرسکتی۔ مذہبی شخصیتوں سے مشاورت کے بعد سنٹرل حج کمیٹی نے تین ایسے زمروں کی نشاندہی کی ہے جن سے قربانی کی رقم حاصل نہیں کی جائے گی تاہم ان زمروں سے تعلق رکھنے والے عازمین کو 22جون سے قبل سنٹرل حج کمیٹی کو اس کی اطلاع دینی ہوگی۔ جن تین زمروں کو قربانی کی رقم سے استثنیٰ دیا گیا ہے اس میں حج اِفراد ادا کرنے والے عازمین کے علاوہ ایسے عازمین جو قربانی کے بجائے روزے رکھتے ہیں اور ایسے عازمین جو اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعہ قربانی ادا کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے اس سلسلہ میں درخواستوں کا پروفارما ویب سائیٹ پر فراہم کردیا ہے اور ریاستی حج کمیٹی بھی درخواست کا پروفارما سربراہ کرے گی۔ عازمین حج ان تینوں زمروں میں سے کسی ایک کی وجہ بتاکر 22جون تک اپنی درخواستیں سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کریں۔ ریاستی حج کمیٹی کو درخواستیں وصول ہونے کی صورت میں وہ سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کردے گی۔ مذکورہ زمروں کے تحت درخواستوں کی وصولی کی صورت میں سنٹرل حج کمیٹی 2100ریال میں سے قربانی کی رقم منہا نہیں کرے گی۔ جاریہ سال قربانی کیلئے 469 ریال کی وصولی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق جو عازمین درخواستیں داخل کریں گے ان سے یہ رقم حاصل نہیں کی جائے گی اور افراد اپنے طور پر قربانی انجام دینا چاہتے ہیں وہ اس کے لئے آزاد ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں 8دن قیام کے سلسلہ میں طعام کے انتظامات کیلئے فی عازم 152ریال منہا کئے جائیں گے اور اس میں کسی بھی عازم کو کوئی استثنیٰ نہیں رہے گا۔ اسی دوران ریاستی حج کمیٹی نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ٹیکہ سے متعلق ویاکسن چینائی پہنچ چکی ہے اور بلڈ بینک نارائن گوڑہ کے حکام وہاں سے حاصل کرلیں گے۔ عیدالفطر کے فوری بعد ٹیکہ اندازی کا آغاز کردیا جائے گا۔ حج 2015کیلئے حج کمیٹی کی سرگرمیوں کا عملاً آغاز ہوچکا ہے۔ عازمین کیلئے شہر اور اضلاع میں تربیتی کیمپس منعقد کئے جارہے ہیں اور رمضان المبارک کے دوران یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر خصوصی حج ٹرمنل کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بہت جلد اقلیتی بہبود کے عہدیدار حج ٹرمنل کا معائنہ کریں گے۔ حج کمیٹی نے جاریہ سال جن زائد سہولتوں کی فراہمی کی تجویز پیش کی تھی ان کی تکمیل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی ایر انڈیا کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط میں ہیں تاکہ عازمین کی روانگی اور واپسی کے موقع پر ایر انڈیا کی جانب سے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایر انڈیا کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس بات کا تیقن دیا ہے کہ عازمین حج کی پروازیں نہ صرف مقررہ وقت پر چلائی جائیں گی بلکہ ٹرمنل اور طیارہ میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی لہذا سعودی ایر لائنز کے بجائے ایر انڈیا کی پروازوں کے فیصلہ سے عازمین حج کو کسی بھی اندیشہ کی ضرورت نہیں۔