فضائی کرایہ پر جی ایس ٹی کو مستثنیٰ قرارد ینے کیلئے نمائندگی پر غور
حیدرآباد۔2مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین حج سے تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کے مطابق صرف 2136 روپئے بطور یو ڈی ایف وصول کئے جا رہے ہیںاور 236روپئے بطور پی ایس ایف (پاسنجر سرویس فیس) جبکہ جی ایم آر انٹرنیشنل کا کہناہے کہ جی ایم آر کی جانب سے صرف 1700روپئے کے علاوہ جی ایس ٹی وصول کیا جا رہاہے۔ جو کہ 2006 روپئے ہوتا ہے۔صدرنشین تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ جو14ہزار 872روپئے وصول کئے جا رہے ہیں ان میں ٹکٹ پر عائد کیا جانے والا 18 فیصد جی ایس ٹی بھی شامل ہے جو کہ 9173ہوتا ہے اس کے علاوہ 5699 روپئے وصول کئے جا رہے ہیں جس میں سعودی ائیر پورٹ پر وصول کئے جانے والے 3327 روپئے بھی شامل ہیں۔حج کمیٹی کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق 50ہزار 960 روپئے فضائی سفر پر عائد ہونے والا جی ایس ٹی 9173 روپئے ہوگا اورمابقی رقم میں سعودی ائیر پورٹ کی فیس 3327 ادا کی جائے گی اس کے بعد جو رقم رہ جاتی ہے وہ یو ڈی ایف اور پی ایس ایف کے طور پر ادا کی جائے گی لیکن جی ایم آر کے مطابق جی ایم آر کی جانب سے جو فیس وصول کی جا رہی ہے وہ 1700 روپئے یوڈی ایف کے علاوہ جی ایس ٹی کے منجملہ 2006 روپئے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ حج کمیٹی کے مطابق 2136 روپئے بطور یو ڈی ایف ادا کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پی ایس ایف کا تذکرہ حج کمیٹی کی جانب سے 236 روپئے اضافی کیا جا رہا ہے جو ہر مسافر سے وصول کئے جا تے ہیں۔ حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فضائی کرایہ پر عائد کئے جانے والے جی ایس ٹی سے عازمین حج کو استثنی فراہم کرنے کی نمائندگی کی جا چکی ہے تاکہ عازمین حج کو 9173 جو اضافی بوجھ عائد ہو رہا ہے اس سے محفوظ کیا جاسکے لیکن حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس سلسلہ میں تاحال کوئی پہل نہیں کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ عازمین حج کے فضائی کرایہ پر عائد ہونے والے جی ایس ٹی مستثنی قرار دینے کیلئے نمائندگی کا ارادہ ہے لیکن اب تک کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا ہے۔