عازمین حج تلنگانہ و اے پی کیلئے آخری قسط کی ادائیگی رقم کا تعین

حیدرآباد۔/17جون، ( سیاست نیوز) حج 2015کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کی جانب سے دوسری اور آخری قسط کی ادائیگی کی رقم کا تعین کردیا گیا ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے دوسری اور آخری قسط کی رقم کا تعین کرتے ہوئے ریاستی حج کمیٹی کو اس کی اطلاع دی ہے۔ پہلی قسط کے طور پر گرین اور عزیزیہ زمرے کے عازمین فی کس 81000/- روپئے جمع کرچکے ہیں۔ دوسری اور آخری قسط کیلئے دونوں زمروں کیلئے نہ صرف رقم کا تعین کردیا گیا بلکہ رقم داخل کرنے کی آخری تاریخ 13جولائی مقرر کی گئی ہے۔ دونوں زمروں کیلئے گزشتہ سال کے مقابلہ تقریباً 20000/- روپئے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔ گرین زمرہ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج فی کس ایک لاکھ 31ہزار 805 روپئے ادا کریں۔ اس زمرہ کے جملہ اخراجات 2لاکھ12 ہزار 850 طئے کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال اس زمرہ میں جملہ اخراجات ایک لاکھ 91 ہزار 200روپئے تھے۔ اس طرح جاریہ سال 21 ہزار 650 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ عزیزیہ زمرہ سے تعلق رکھنے والے عازمین کو دوسری اور آخری قسط کے طور پر 99ہزار 100 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ اس زمرہ کے جملہ اخراجات ایک لاکھ 80ہزار 100 روپئے طئے کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال ایک لاکھ 60 ہزار 450روپئے حاصل کئے گئے تھے۔ اس طرح جاریہ سال 19650 کا زائد بوجھ عازمین پر عائد ہورہا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ قربانی کیلئے 8200 روپئے کا تعین کیا گیا اور ایسے عازمین جو اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعہ قربانی دینا نہیں چاہتے وہ دوسری قسط کی رقم سے 8200 روپئے منہا کرتے ہوئے رقم جمع کرائیں۔ انہیں اس سلسلہ میں 22 جون تک حج کمیٹی کو مکتوب حوالے کرنا ہوگا۔

پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط میں عزیزیہ زمرہ کے جن عازمین کا انتخاب ہوچکا ہے انہیں فی کس 46ہزار 50 روپئے کی بچت ہوگی۔ رباط کیلئے منتخب عازمین دوسری قسط سے اس رقم کو منہا کرتے ہوئے رقم جمع کرائیں۔ رباط میں 585 عازمین کے قیام کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ 597افراد کے قیام کے سلسلہ میں سعودی حکومت نے تصریح جاری کی تھی جن میں نظام کے خاندان سے تعلق رکھنے والے 12افراد کو خصوصی کوٹہ سے منتخب کیا جائے گا۔ سابق ریاست حیدرآباد کے 12اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا گیا جس میں تلنگانہ کے 10اضلاع کے علاوہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے 10اضلاع شامل ہیں۔ ایسے عازمین جو دوسری یا تیسری مرتبہ حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں اور وہ کسی محرم کے ساتھ جارہے ہیں انہیں 26ہزار 300 روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے۔

پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ شیرخوار بچوں کیلئے جن کی عمر دو سال سے کم ہے صرف 10ہزار 800روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اننت پور اور چتور کے عازمین جو بنگلور سے روانہ ہوں گے ان کو گرین زمرے میں ایک لاکھ 32ہزار 250اور عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو 99ہزار 500روپئے جمع کرانے ہوں گے۔ شیعہ عازمین حج جو جدہ ٹرمنل پر اُتر کر حجفہ میقات کا انتخاب کریں گے ان کو فی کس 1750 روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق 2ستمبر سے حیدرآباد سے عازمین کی پروازوں کا آغاز ہوگا جس کے لئے ایر انڈیا کی خدمات حاصل رہیں گی۔ ملک کے عازمین کی روانگی کا آغاز 17اگسٹ سے ہورہا ہے جبکہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین دوسرے مرحلہ میں 2ستمبر سے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے سربراہ کئے جانے والے سوٹ کیس کے ٹوکن عازمین کو روانہ کئے جارہے ہیں۔ حج کمیٹی سوٹ کیس کے حصول کیلئے شہر اور اضلاع میں دو تا تین مراکز قائم کرے گی جہاں سے ٹوکن پیش کرکے عازمین سوٹ کیس حاصل کرسکتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 31اگسٹ سے حج ہاوز نامپلی میں حج کیمپ کا آغاز ہوگا جبکہ رمضان کے فوری بعد ٹیکہ اندازی شروع کی جائے گی۔