نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی انٹلیجنس ایجنسیوں کے عہدیدار امکان ہے کہ عارف مجید سے پوچھ تاچھ کریں گے جس کا عراق و شام میں داعش سے تعلق رہا ہے اور وہ حال ہی میں ہندوستان واپس ہوا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس گروپ کے بارے میں اُسے کافی معلومات ہیں ۔ امریکہ میں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ داعش کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات کافی اہمیت رکھتی ہیں اور اس سلسلے میں عارف مجید ہمارا مددگار ہوگا ۔ کیونکہ اُسے عراق و شام میں داعش کے تعلق سے کافی معلومات ہیں۔ عارف نے تفتیش کررہے عہدیداروں کو بتایا تھا کہ اگرچہ وہ ایک سیول انجینئر ہے لیکن اُس سے موصل ڈیم کے تعمیری کاموں میں بعض داعش قائدین کی ہدایت پر مزدور کی حیثیت سے کام لیاجارہا تھا ۔ وہ ڈیم پر کام کے دوران فضائی حملے میں زخمی ہوگیا تھا ۔ یہ عراق میں سب سے بڑا ڈیم ہے جو دریائے دجلہ پر واقع ہے ۔ جولائی اور اگسٹ میں کئی ہفتوں تک اس ڈیم پر داعش کا کنٹرول تھا ۔ بعد ازاں 17 اگسٹ کو کرد اور عراقی فوج نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈیم پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا۔