عادل آباد تلنگانہ کا کشمیر: کے سی آر

نرمل ۔ /20 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی اس انتخابات میں نئی ریاست کی حکمرانی سنبھالے گی ۔ ساری ریاست تلنگانہ میں عوام کے جوش و خروش اور ٹی آر ایس کے جلسوں میں عوامی سروں کا سمندر اس بات کی ضمانت ہے ، میں وعدہ کرتا ہوں کہ نئی ریاست میں ٹی آر ایس اقتدار سنبھالنے کے تین سال بعد علاقہ تلنگانہ کے عوام ہی نہیں کسانوں کو بھی چوبیس گھنٹے برقی سپلائی کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار ٹی آر ایس سربراہ مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے آج دوپہر جونیر کالج گراؤنڈ نرمل میں ایک عظیم الشان انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مسٹر راؤ نے جذباتی انداز میں کہا کہ میں ہیلی کیاپٹر سے اس ضلع کا نظارہ کررہا تھا تو نہر و تالابوں کو لبریز دیکھ کر اس کا اندازہ ہوا کہ ضلع عادل آباد تلنگانہ کا کشمیر ہے ۔ یہاں کے کسانوں کو باہر سے پانی کی سربراہی کی ضرورت نہیں ۔ برقی کی عدم سربراہی سے فصلیں تباہ ہورہی ہیں ۔ انہوں نے اس بات کا عزم کیا کہ ٹی آر ایس برسراقتدار آتے ہی قبائیلی علاقوں کے تانڈوں کو گرام پنچایت میں تبدیل کرتے ہوئے ان علاقوں کو ترقی کی راہیں ہموار کرنے کے لئے ٹی آر ایس ٹھوس اقدامات کرے گی۔