عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام اردو کے امتحانات

تلنگانہ و آندھرا کے علاوہ دیگر ریاستوں میں اعلی تعلیم یافتہ افراد کے بشمول غیر مسلم طلبہ و طالبات کی شرکت
حیدرآباد 25 جنوری (سیاست نیوز) عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ، ادارہ ادبیات اردو پنجہ گٹہ کے اشتراک سے امتحانات اردو دانی، زبان دانی اور انشاء 1994 سے منعقد ہورہے ہیں۔ 2014 تک 6,52,826طلباء و طالبات کامیابی پر اسناد حاصل کرچکے ہیں، آج کے امتحانات شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے مراکز کی تعداد 162،اضلاع آندھرا پردیش و تلنگانہ 140 دیگر ریاستیں 12 مراکز ہیں جن پر بیک وقت صبح 10 تا 1 بجے دن تحریری امتحان کا انعقاد عمل میں آیا ۔ حیدرآباد دکن میں اردو کی ترقی و ترویج سارے ہندوستان کیلئے باعث فخر ہے اور اردو کی شمع کو روشن رکھنے کا سہرا حیدرآباد کے دردمندان اردو کے سرجاتا ہے، عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے جو اردو زبان کی حفاظت کیلئے ہر وہ اقدام کرنے تیار ہیں جو کہ اردو کی ترقی و ترویج کیلئے کارآمد ثابت ہوسکے ،ٹرسٹ کے دفتر کی جانب سے شہر و ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش و دیگر ریاستوں پر ان امتحانات کے دوران منظم اور باقاعدہ انتظام کیا گیاشہر کے محبوبیہ اسلامی اسکول نزد بنگلہ بینی بیرون دبیر پورہ حیدرآباد پر 255 طلباء و طالبات ،کالجس میں زیر تعلیم انگلش میڈیم سے تعلق رکھنے و الی طالبات اور گھریلو خواتین نے جناب قاری محمد دستگیر خاں قادری بانی مدرسہ کی نگرانی میں امتحان دیا ۔ اس موقع پر جناب ڈاکٹر سید شاہ یوسف حسین قادری صدر سوسائٹی جناب سید ابو طاہر معتمد موظف لکچرار جناب علی الدین عارف جناب سید ابوالخیر جاوید اور محترمہ ماریہ فردوس نے معائنہ کیا۔ مدرسہ دینیہ رشیدیہ و شاہ حسین ، واقع الاوہ بی بی دبیر پورہ کے مرکز پر امیدوار قدسیہ حفیظ نے اردو انشاء امتحان لکھا۔ جو MS.c کررہی ہیں ۔ ذکیہ فاطمہ MBA کررہی ہیں۔ عظیم النساء جو گھریلو خاتون ہیں نے بھی امتحان لکھا ۔ عابد روڈ حیدرآباد میں ایسے امیدواروں نے امتحان دیا جو گھروں پر ٹرسٹ کی جانب سے اردو دانی، زبان دانی ،انشاء کی کتابیں لیجاکر اردو سیکھنے کے بعد شریک امتحان ہوئے جن میں نہ صرف کمسن بچوں نے بلکہ معمر اصحاب و خواتین جو ابتداء سے لیکر گریجویٹس تک بڑی دلچسپی اور انہماک سے امتحان دیا۔ واضح رہے کہ ایس اے شکور معتمد امتحانات ادارہ ادبیات اردو، پنجہ گٹہ پروفیسر محمد انور الدین سابق صدر شعبہ اردو، سنٹرل یونیورسٹی آف ڈگری کالج حیدرآباد ،ڈاکٹر محمد بشیر الدین ،ڈاکٹر عمر بن حسین بازیر ،ڈاکٹر محمد ناظم علی ،ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی ،ڈاکٹر موسی اقبال ،ڈاکٹر اختر سلطانہ صدر شعبہ اردو ونیتا مہاودیالیہ ، محمد اشیاق احمد ریسرچ اسکالر مانو، جناب امرناتھ ریسرچ اسکالر مانو ،جناب وسیم حسن راجہ ریسرچ اسکالر مانو ، جناب منظور گلزار ریسرچ اسکالر یونیورسٹی آف حیدرآباد ، بلال احمد میر ریسرچ اسکالر یونیورسٹی آف حیدرآباد محترمہ حفصہ سلطانہ زویا صاحبہ ، ایم اے معید ریسرچ اسکالر مانو ، جناب محمد منیر ریسرچ اسکالر مانو اور دیگر اصحاب نے محبوب حسین جگر ہال میں منعقدہ امتحانی مرکز کا معائنہ کیا جہاں کافی بڑی تعداد میں طلبا و طالبات شریک امتحان تھے ۔