عابد علی خان آئی ہاسپٹل میں جلد ایم ڈی ایف ووکیشنل سنٹر کے قیام کا اعلان

حیدرآباد۔15جون ( دکن نیوز) جناب زاہد علی خان ایڈیٹر ’سیاست‘ نے اعلان کیا کہ عابد علی خان آئی ہاسپٹل ( دارالشفا) میں عنقریب ایم ڈی ایف کا ایک ووکیشنل سنٹر قائم کیا جائے گا جس میں ابتداً لڑکیوں کی تربیت کیلئے 5 سیونگ مشین دیئے جائیں گے اور جیسے زیر تربیت امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا ‘ مشینوں کی مزید سربراہی کا انتظام کیا جائے گا ۔ جناب زاہد علی خان آج شام ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف کے زیراہتمام 45 روزہ ووکیشنل سمر کیمپ کی اختتامی تقریب و جلسہ تقسیم اسناد کو مخاطب کررہے تھے جو محبوب حسین جگر ہال احاطہ ’سیاست‘ میں منعقد ہوا ۔ صنعتکار جناب خداداد خان ‘ افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ اور خلیق الرحمن کوآرڈینیٹر اے آئی سی سی مہمانان خصوصی تھے ۔ جناب زاہد علی خان نے خواتین پر زور دیا کہ وہ گھر کو معاشی اعتبار سے مستحکم کرنے کی کوشش کریں ۔ ایک شخص کی کمائی اور 10لوگوں کی پرورش کا تصور اب ختم ہوچکا ہے ۔ آجکے دور میں خواتین حجاب میں رہ کر روزگار کے حصول میں محو ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں آج لڑکیاں لڑکوں سے آگے ہیں اور افسوس کی بات ہے کہ لڑکے Laptop‘ موبائیل فون اور دیگر بے مقصد سرگرمیوں میں توانائیاں ضائع کررہے ہیں ۔ چبوترہ پر بیٹھنا اور محلوں میں گھومنا پھرنا عام ہوگیا ہے ‘ اس لئے پولیس نے ان نوجوانوں کے خلاف پرانے شہر میں کارروائی کا آغاز کیا جو قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں ان سرگرمیوں سے دور کھیں جو انکی تعلیم کو متاثر اور ان کی ترقی میں رکاوٹ کا سبب ہے ۔ انہوں نے کریم نگر کی ایک طالبہ کا حوالہ دیا جس نے دسویں جماعت میں 99% نشانات حاصل کر کے ضلع کا نام روشن کیا ہے ‘ اسی طرح حیدرآباد کی ایک لڑکی نے آئی آئی ٹی میں 22واں رینک حاصل کیا ہے ۔ جس سے پانچ لاکھ روپئے ماہانہ ملازمت مل سکے گی ۔ پائیلٹ سلویٰ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی کی اُمنگوں کو منزل آسانی سے ملتی ہے ‘ ترقی اور کامیابی مایوس لوگوں تک کبھی نہیں پہنچتی‘ مسلمان کیلئے مایوسی کفر ہے مایوس ہوئے بغیر انکو ترقی کی راہ پر گامزن ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے سچر کمیٹی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ نے بتا دیا کہ ملک میں معاشی طور پر سب سے زیادہ کمزور مسلمان ہیں ۔ یوپی اے نے اس رپورٹ کو تو برفدان کی نظر کردیا ۔ حکومت کے رویہ کے بعد اب ہماری آنکھیں کُھل جانی چاہیئے اور ہم اللہ اور اس کے حبیبؐ پر بھروسہ کرکے اپنی کوشش آپ کریں تبھی ملک میں ہم کو اپنا کھویا ہوا مقام حاصل ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے سمر کیمپ کے انعقاد پر ایم ڈی ایف کے صدر اور کارکنان کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو تعلیم کے ساتھ معیشت کو بہتر بنانے جدوجہد کرنا ہوگا ۔ جناب افتخار حسین نے کہا کہ عصر حاضر میں معاون روزگار تعلیم کے ذریعہ معاشی حالات کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔ ضرورت یہ ہے کہ نوجوان اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی مہارت پر خصوصی توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیض عام ٹرسٹ بھی ایم ڈی ایف کے تعاون سے ایسا پراجکٹ شروع کرنے کا خواہاں ہے جس سے مسلم نوجوانوں میں تعلیم و روزگار کے حصول کا شوق و جذبہ پیدا ہو ۔ خلیق الرحمن نے کہا کہ خدمت خلق کے ذریعہ ہی ہم بندگان خدا خدا کی مشکلات کو دور کرنے کا باعث بنتے ہیں ۔ انہوں نے جناب زاہد علی خان کی فلاحی و سماجی خدمات کو ملت کا اثاثہ قرار دیا اور تیقن دیا کہ وہ ایم ڈی ایف کے پروگراموں میں فراخدلانہ تعاون کریں گے ۔ سید افتخار مشرف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جناب زاہد علی خان ‘ خداداد خان ‘ افتخار حسین اور خلیق الرحمن نے ووکیشنل مراکز کے ذمہ داروں کو ایوارڈس اور اسنادات عطا کئے اور مبارکباد دی ۔ سمر کیمپ کے کامیاب انعقاد کیلئے ایم ڈی ایف کے عہدیداروں و کارکنوں کو اعزازات پیش کئے گئے ۔ اختتامی تقریب کے سلسلہ میں کئی مراکز کی جانب سے ٹیلرنگ ‘ مہندی ڈیزائننگ ‘ بیوٹیشن و دیگر کورس کے نمونوں پر مشتمل نمائش ترتیب دی گئی ۔ محترمہ خدیجہ سلطانہ ‘ ایم اے قدیر ‘ محمد نصر اللہ خان اور احمد صدیقی مکیش کے علاوہ انسٹرکٹرس نے شرکا کو تفصیلات سے واقف کروایا اور خیرمقدم کیا اور جلسہ کا آغاز قاری شیخ عبدالغفار کی قرات سے ہوا ۔ ڈاکٹر ایوب حیدری نے بارگاہ رسالت میں نعت پیش کی ۔