عآپ سے ہریانہ و پنجاب میں اتحاد نہیں : کانگریس

نئی دہلی 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج کہا کہ وہ عام آدمی پارٹی یا کسی اور جماعت کے ساتھ ہریانہ اور پنجاب میں اتحاد کیلئے کوئی بات چیت نہیں کر رہی ہے ۔ ان دونوں ریاستوں کیلئے پارٹی امیدواروں کا جلدی ہی اعلان کیا جائیگا پارٹی نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جبکہ عام آدمی پارٹی کے ایک لیڈر نے کل کہا تھا کہ ان کی پارٹی کانگریس سے دہلی میں اسی شرط پراتحاد کریگی کہ اس کے ساتھ ہریانہ اور پنجاب میں بھی اتحاد کیا جائے ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ابھی عام آدمی پارٹی کے ساتھ دہلی میں ہی اتحاد کے تعلق سے کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ ابھی تک عام آدمی پارٹی یا کسی اور جماعت کے ساتھ ہریانہ یا پنجاب میں اتحاد کے تعلق سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے ۔ ہم ان ریاستوں میں اپنے امیدواروں کا جلدی ہی اعلان کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں اتحاد کیلئے بات چیت ہو رہی ہے تاہم ابھی بھی اس میں کسی قطعی فیصلے تک پیشرفت نہیں ہوسکی ہے ۔ راہول گاندھی نے بھی کل اس مسئلہ پر غور کیا تھا ۔