ظالموں کو ظلم سے روکنے ووٹ کا صحیح استعمال ضروری

روپے کے عوض نام تبدیل کرتے ہوئے ووٹ دینا گناہ کبیرہ، سوشیل میڈیا پر شعور بیداری مہم، عوام کی بھرپور تائید

حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی رائے دہی کیلئے اب محض چند دن باقی رہ گئے ہیں ایسے میں سماجی تنظیموں اور کارکنوں نے شعور بیداری کی مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ رائے دہندوں کو ووٹ کے صحیح استعمال کے بارے میں باخبر کیا جاسکے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے شعور بیداری مہم کے علاوہ شہر میں یہ پہلا موقع ہے جب مختلف سماجی کارکنوں اور تنظیموں نے اپنے اپنے طور پر اس مہم کے آغاز کے ذریعہ رائے دہندوں کو اپنا ووٹ صحیح پارٹی اور صحیح امیدوار کے حق میں استعمال کرنے کی رہنمائی کا فیصلہ کیا ہے۔ امیدواروں اور پارٹیوں کی جانب سے دھاندلیوں کو روکنے میں یہ مہم یقینی طور پر کارگر ثابت ہوگی۔ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ انتخابات میں دولت اور طاقت کے استعمال کے علاوہ جذباتی نعروں اور مذہب کے استعمال کے ذریعہ بھولے بھالے رائے دہندوں کو اپنے دام فریب میں گرفتار کیا جاتا ہے۔ سوشیل میڈیا اور دیگر ذرائع سے جاری اس مہم کے مثبت نتائج دیکھے جارہے ہیں اور ہر شخص اس مہم سے خود کو وابستہ کرتے ہوئے ووٹ کے استعمال کی اہمیت و افادیت سے دوسروں کو واقف کروانے میں پیش پیش ہے۔ مہم میں رائے دہندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ووٹ کا استعمال ضرور کریں ممکن ہے کہ آپ کا ووٹ ملک اور ملت کے تابناک مستقبل کی ضمانت بن جائے۔ ووٹ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے مہم میں کہا گیا کہ آپ کے ایک ووٹ کی کمی کہیں کسی ظالم اور دہشت پسند تنظیموں کی جیت اور ملک و ملت کے مستقبل کی تباہی کا سبب نہ بن جائے۔ سوچھ سمجھ کر صحیح پارٹی کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں کیونکہ آپ کے ووٹ کے ذریعہ جو پارٹی اقتدار میں آئے گی وہ جو بھی اچھے یا برے کام کرے گی اس میں آپ بھی حصہ دار ہوجائیں گے۔ ذاتی اور شخصی مسائل میں غلطی زیادہ نقصان دہ نہیں ہے البتہ قومی و ملی معاملات میں ایک بھی غلطی بڑے خسارہ کا سبب بن سکتی ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔ نااہل اور غیر ذمہ دار کے حق میں ووٹ کا استعمال دراصل اس کے حق میں گواہی دینے کی طرح ہے اور اس طرح کا عمل گناہ کبیرہ ہے۔ سچی اور برحق گواہی کو چھپانا جائز نہیں۔ لہذا ووٹ کا استعمال بے خوف ہوکر کیا جائے گا۔ مہم میں کہا گیا ہے کہ ووٹ یا تو مشورہ ہے اور صحیح مشورہ دینا بھی اہم ذمہ داری ہے۔ ووٹ ایک گواہی ہے اور سچی گواہی کو چھپانا جائز نہیں۔ ووٹ سفارش ہے اور قابل لوگوں کیلئے سفارش کرنا باعث اجر و ثواب ہے۔ ووٹ ایک وکالت ہے اور قومی و ملی مسائل کے حل کیلئے اچھے وکیل کا انتخاب کرنا عقلمندی اور سمجھ داری ہے۔ ووٹ ہر شہری کا قومی اور جمہوری حق ہے۔ ووٹ آپ کے ہندوستانی ہونے کی علامت ہے۔ ووٹ ظالم حکومتوں کو ظلم سے روکنے کی ایک مضبوط طاقت ہے۔ شعور بیداری مہم میں پیسہ کے بدلے ووٹ ڈالنے کو گناہ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ غلط پہچان بتاکر اور اپنے والد ، شوہر وغیرہ کا نام غلط بتاکر ووٹ ڈالنے کو ناجائز اور گناہ قرار دیا گیا۔ شعور بیداری مہم کے سلسلہ میں عوام کی دلچسپی سے انداز ہ ہوتا ہے کہ اس بار انتخابی نتائج تبدیلی کا پیش خیمہ ہوں گے اور عوام اپنے شعور کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔