طیارہ کے اغواء کی جھوٹی دھمکی، مدھیہ پردیش سے ایک نوجوان گرفتار

تھانے 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش سے ایک 20 سالہ نوجوان کو گزشتہ ہفتہ ایر انڈیا کال سنٹر تھانے کو ٹیلیفون پر ایر انڈیا کی ایک فلائٹ کے اغواء کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے پوچھ تاچھ میں بتایا کہ ازراہ مذاق یہ شرانگیز حرکت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس زون V مسٹر ولاس چندن شیوے نے آج بتایا کہ اس نوجوان کو کل مدھیہ پردیش کے ضلع ہردا سے گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے خلاف ایک کیس درج کرلیا گیا۔ نوجوان کو عدالت میں پیش کرنے پر 2 ڈسمبر تک پولیس تحویل میں دے دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ بارہویں جماعت میں زیرتعلیم نوجوان نے صرف مذاق کے لئے دھمکی آمیز کال کیا تھا جبکہ اس معاملہ کو سنگین تصور کرتے ہیں۔ انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) اور انٹلی جنس بیورو جو میدان میں اتر گیا تھا، شری نگر پولیس اسٹیشن میں ایرانڈیا کے حکام نے  یہ شکایت درج کروائی تھی۔ 20 نومبر کو شب 10-25 بجے ایک نامعلوم شخص نے کال سنٹر کے ٹول فری نمبر پر کال کرکے یہ دھمکی دی ہے کہ 28 نومبر کو ایر انڈیا کا ایک طیارہ اغواء کرلیا جائے گا۔ جس نے فصیح ہندی زبان میں بات کرتے ہوئے اپنے آپ کو آئی ایس آئی کا رکن بتایا تھا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے پتہ چلایا کہ یہ کال مدھیہ پردیش میں ہردا ضلع کے دولت گاؤں سے کیا گیا ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیم وہاں پہونچ کر اس لڑکے کو حراست میں لے لیا۔