طیارہ کی تلاش، وزیراعظم ملائیشیا کا آسٹریلیائی فضائی اڈہ کا دورہ

پرتھ ، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے آج جمعرات کو آسٹریلیائی ایئر فورس کے ایک اڈہ کے دورے کے دوران کہا کہ کئی ہفتوں سے لاپتہ مسافر طیارے کی تلاش کا عمل اور بھی شدت سے جاری رکھا جائے گا۔ نجیب رزاق جس آسٹریلیائی ایئر فورس بیس کا دورہ کر رہے ہیں، وہ ملائیشیا ایئر لائنز کے گمشدہ طیارہ کی تلاش کیلئے جاری بین الاقوامی کوششوں کے مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ دوسری طرف اسی فضائی اڈہ سے کی جانے والی کوششوں کے ایک کوآرڈینیٹر کے مطابق اس مسافر ہوائی جہاز کی تلاش اب فضائی سفر کی تاریخ کے انتہائی پیچیدہ واقعات میں سے ایک کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ خبر رساں ادارہ اسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ وزیر اعظم رزاق نٍے آج اس ایئر بیس پر اپنے آسٹریلیائی ہم منصب ٹونی ایبٹ سے ملاقات بھی کی۔ ’’ہم تب تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے کہ جب تک کہ اس بارے میں تمام سوالوں کے جواب تلاش نہ کر لئے جائیں۔‘‘