طیارہ کی بحفاظت واپسی کیلئے لاکھوں مسلمان سربسجود

کوالالمپور 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے لاپتہ طیارہ کی بحفاظت واپسی کے لئے لاکھوں مسلمانوں نے بارگاہ خداوندی میں سربسجود ہوکر دعا کی۔ آج ملائیشیا کی تمام مساجد میں بعد نماز جمعہ طیارہ کی واپسی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ کوالالمپور ایرپورٹ کے قریب واقع جامع مسجد میں کثیر اجتماع دیکھا گیا۔ نماز جمعہ میں وزیراعظم نجیب رزاق اور اِن کی کابینہ کے تمام رفقاء شریک تھے۔ طیارہ کی تلاش جاری ہے۔ بین الاقوامی سطح پر طیارہ کا پتہ چلانے کی کوشش آج آٹھویں دن بھی جاری رہی۔ طیارہ MH370 کے تمام مسافروں کی بحفاظت واپسی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ امریکی ٹیمیں اِن اطلاعات کے بعد کہ ملائیشیا کا گمشدہ مسافر طیارہ لاپتہ ہونے کے کئی گھنٹوں بعد تک پرواز کرتا رہا۔ طیارہ کی تلاش میں مدد فراہم کرنے کیلئے بحر ہند میں ٹیمیں روانہ کی ہیں۔

امریکی حکام نے کہاکہ یہ طیارہ کا رابطہ راڈار سے منقطع ہونے کے پانچ گھنٹے بعد بھی پرواز کرتے رہنے سے متعلق صرف سیٹلائیٹ پر سگنل آتے رہے۔ تاہم تفتیش کاروں نے بتایا کہ یہ معلومات مصدقہ نہیں ہیں۔ طیارہ میں جملہ 239 افراد سوار تھے جن میں اکثریت چینی باشندوں کی ہے۔ یہ طیارہ گزشتہ جمعہ کی شب پرواز کے بعد غائب ہوگیا تھا۔ ابھی تک اِس کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ طیارہ کی موجودگی اور عدم دستیابی سے متعلق کئی معلومات سامنے آرہی ہیں لیکن امریکہ نے نئے دعوؤں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تلاشی مہم تیز کردی ہے۔ نئی معلومات کی روشنی میں ہی بحر ہند میں تلاشی پر توجہ دی جارہی ہے۔ چینی مصنوعی سیارہ سے لی گئی تصاویر جن میں مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے مسافر طیارہ کا ملبہ دکھایا گیا تھا، غلطی سے اِسے عام کردیا گیا ، جبکہ ایسا کچھ بھی نہیں تھا۔