طیارہ کا بلیک باکس ملنے میں ایک ہفتہ لگ جائے گا : عہدیدار

جکارتہ ؍ سنگاپور ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حادثہ کا شکار ایرایشیاء کے طیارہ کا بلیک باکس حاصل کرنے میں ابھی مزید کچھ دن لگ جائیں گے جس سے اس حادثہ پر پڑے اسرار کے بادل چھٹ جائیں گے۔ ایک انڈونیشیائی عہدیدار نے کہا کہ تلاشی ٹیم موسم کی خرابی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنا کام انجام دے رہی ہے تاکہ تمام نعشوں کے ساتھ ساتھ طیارہ کا ملبہ بھی حاصل ہوجائے تاہم کسی بھی فضائی حادثہ کا اہم سراغ طیارہ کے بلیک باکس کو مانا جاتا ہے جس میں آخری وقت میں پائلیٹ کی بات چیت اور پیغام ریکارڈ ہوتا ہے۔ انڈونیشین ٹرانسپورٹیشن سیفٹی کمیٹی رکن انٹونیس ٹوس سانیٹیوس نے کہا کہ اس خراب موسم میں طیارہ کا ملبہ ملنا آسان کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم ایک ہفتہ ضرور لگ جائے گا۔ سمندر میں اس وقت طغیانی ہے اور ہمیں اپنا کام انجام دینے میں دشواریوںکا سامنا ہے۔ اگر سمندر خاموش رہا اور آس پاس کسی بھی نوعیت کا کوئی شوروغل نہ ہوا تو نہ صرف طیارہ کا ملبہ بلکہ بلیک باکس بھی مل جائے گا کیونکہ بلیک باکس ملنے کیلئے سب سے پہلے طیارہ ملنا چاہئے کیونکہ سمندر کی تہہ میں طیارہ کی قطعی سمت کے بارے میں ہنوز کوئی معلومات نہیں ہے۔