طیارہ پرواز سے عین قبل روک دیا گیا۔ دو افراد امریکہ واپس

نئی دہلی ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ جارہے یونائیٹیڈ ایرلائنز کے طیارہ کو آج اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پرواز روک کر بورڈنگ ایریا واپس جانے کیلئے مجبور ہونا پڑا۔ ایمگریشن حکام نے دو افراد کو واپس کرنے کیلئے طیارہ کی پرواز رکوادی جنہیں ہندوستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ لمحہ آخر میں اس کارروائی کے سبب طیارہ کی پرواز میں 46 منٹ کی تاخیر ہوئی۔ وزارت شہری ہوا بازی کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع ہمیں مل چکی ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔ دو افراد کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے اور انہیں ہندوستان آمد کے فوری بعد امریکہ واپس جانے کیلئے مجبور ہونا پڑا کیونکہ ایمگریشن حکام کو پتہ چلا کہ ان دونوں کے ملک میں داخلہ پر پابندی ہے۔