85 بیاگیجس دوسری فلائیٹ سے پہنچ گئے، حج ہاؤز سے تقسیم کا انتظام، جملہ 15 قافلوںکی آمدمکمل
حیدرآباد ۔ 19۔ستمبر (سیاست نیوز) فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس ہونے والے تلنگانہ کے حجاج کرام کو اس وقت تلخ تجربے اور آزمائش سے گزرنا پڑا جب طیارہ میں ان کا بیاگیج موجود نہیں تھا۔ تقریباً 43 حجاج کرام کے 85 بیاگیجس کے بغیر ہی سعودی ایرلائینس کی فلائیٹ مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچ گئی ۔ کل شام حیدرآباد پہنچنے والی اس فلائیٹ میں جب حجاج کرام نے اپنے بیاگیج کو تلاش کرنے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ بیاگیج فلائیٹ حیدرآباد نہیں پہنچا۔ حجاج کرام نے سعودی ایرلائینس کی اس غیر ذمہ داری پر ناراضگی جتائی اور اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی کی۔ حجاج کرام نے تلنگانہ حج کمیٹی کے ذمہ داروں کو بھی صورتحال سے واقف کرایا ۔ بیاگیجس کے چھوٹ جانے کے سبب کوئی بھی حجاج کرام کی فوری طور پر مدد کرنے سے قاصر دکھائی دے رہا تھا۔ سعودی ایرلائینس اور حج کمیٹی کے ذمہ داروں کے تیقن کے بعد حجاج کرام اپنے مکانات روانہ ہوگئے۔ یہ بیاگیجس آج صبح 9.30 بجے کی فلائیٹ سے حیدرآباد پہنچ چکے ہیں۔ بیاگیجس میں 55 کا تعلق حیدرآباد اور 29 بیاگیجس اضلاع ورنگل ، وقار آباد ، محبوب نگر ، جنگاؤں اور تانڈور سے تعلق رکھتے ہیں۔ شہر سے تعلق رکھنے والے بیاگیجس کو تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر حج ہاؤز منتقل کیا گیا جہاں سے حجاج کرام اسے حاصل کر رہے ہیں۔ اضلاع کے حجاج کرام کے بیاگیجس کو سعودی ایرلائینس نے اپنی کارگو سرویس کے ذریعہ متعلقہ اضلاع پہنچانے کا تیقن دیا ہے ۔ کل تک تمام بیاگیجس اضلاع میں حجاج کرام کو پہنچ جائیں گے ۔ حج سیزن میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی فلائیٹ میں حجاج کرام کے بیاگیجس نہیں پہنچے۔ اسی دوران حجاج کرام کے دو قافلے وطن واپس ہوئے ۔ دونوں قافلوں میں 600 حجاج کرام کی واپسی ہوئی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ صبح کی فلائیٹ سے پہونچنے والے تمام حجاج کا تعلق تلنگانہ سے ہے جبکہ دوپہر کی فلائیٹ میں تلنگانہ کے 120 اور کرناٹک کے 180 حجاج وطن واپس ہوئے ۔ اب تک جملہ 15 قافلوں کے ذریعہ 4475 حجاج وطن واپس ہوچکے ہیں۔ کل جمعرات کو ایک قافلہ کی واپسی ہوگی جبکہ جمعہ کو تین قافلے واپس ہوں گے۔ تلنگانہ کے حجاج کی آمد کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے اور جمعرات کو کرناٹک اور جمعہ کو آندھراپردیش کے حجاج کی واپسی کا آغاز ہوگا۔ جمعہ کے دن حجاج کرام اور ان کے رشتہ داروں کیلئے ٹرمنل اور اس کے باہر نماز جمعہ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 10 شیرخوار روانہ ہوئے تھے جن میں سے 7 واپس ہوچکے ہیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زیر علاج تین حجاج کرام کی صحت کے بارے میں انڈین کونسلیٹ سے تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سفارتی حکام حجاج کی صحت کے بارے میں کمیٹی کو باخبر رکھے ہوئے ہیں۔