نئی دہلی ۔ 30 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) مشہور سرود نواز استاد امجد علی خاں جو گزشتہ 45 سال سے سرود کے ذریعہ موسیقی کی دنیا پر چھائے ہوئے ہیں۔ انہیں اس وقت دھکا لگا جب برٹش ایرویز کی ایک فلائیٹ میں ان کا ساز سرود غائب پایا گیا۔ وہ لندن سے دہلی واپس آرہے تھے۔ اسی دوران ایرلائین نے ادعاء کیا کہ لندن کے ہیتھرو ایرپورٹ پر بیاگیج کا جو خودکار نظام ہے وہ ٹرمنل 5 میں ٹھیک طرح سے کام نہیں کر رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ امجد علی خاں کا ساز وہاں دستیاب نہیں ہوسکا ، اس کی تلاش جاری ہے۔ یاد رہے کہ 68 سالہ امجد علی خاں کو موسیقی کے زمرہ میں پدمابھوشن کا سرکاری اعزاز بھی دیا جاچکا ہے ۔